پنجاب بھر کے اسکولوں میں سافٹ ڈرنکس کی فروخت پر پابندی کا فیصلہ

کاربونیٹڈ کولڈ ڈرنکس کے استعمال سے بچوں کی ہڈیاں کمزور اور جسمانی نشوونما متاثر ہوتی ہے، ڈی جی فوڈ اتھارٹی

صحت کیلئے نقصان دہ مشروبات کی فروخت پر پابندی کا اطلاق موسم گرما کی تعطیلات کے فوری بعد ہوگا۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR:
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گرین زون میں شامل اسکولوں میں سافٹ ڈرنکس سمیت غیر معیاری مشروبات کی فروخت پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔

لاہور میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے مشروب ساز کمپینوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملا قات کی جس میں گرین زون میں شامل اسکولوں کے اندر اور تعلیمی اداروں کی حدود کے 100 میٹر کے اندر صحت کے لئے نقصان دہ مشروبات کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پابندی کا اطلاق موسم گرما کی تعطیلات کے فوری بعد ہوگا۔


ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ کاربونیٹڈ کولڈ ڈرنکس کے استعمال سے بچوں کی ہڈیاں کمزور اور جسمانی نشوونما متاثر ہوتی ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی گرین زون میں شامل مصنوعات پھل، ملک شیک، فروٹ چاٹ، دودھ اور دہی سے بنی اشیاء کی اجازت ہو گی۔

قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی اور مشروب ساز کمپینوں کے نمائندوں کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں مشروبات میں مضر صحت رنگوں پر بھی بحث کی گئی، ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے کولڈ ڈرنکس سمیت تمام مشروبات کے اجزا اور معیار کو قوانین کے مطابق بنانے کے لئے تمام کمپنیوں کو 2 ماہ کی مہلت دیدی۔

Load Next Story