GUANGZHOU:
الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے انعقاد کے لئے حکومت سے پانچ ارب روپے سے زائد کی اضافی گرانٹ طلب کرلی۔
چیئرمین نیئر حسین بخاری کی سربراہی میں سینیٹ کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے تحریری جواب میں ایوان کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لئے 5 ارب 9کروڑ 99 لاکھ 62 ہزار روپے کی اضافی گرانٹ کا مطالبہ کیا ہے۔
طلب کی گئی رقم میں سے ایک ارب 25 کروڑ 99 لاکھ 82 ہزار روپے الیکشن الاؤنس کی مد میں مانگے گئے ہیں،21 کروڑ روپے عارضی ٹیلی فون کی تنصیب، 87 کروڑ 50 لاکھ روپے پولنگ اسٹیشنز کی تبدیلی، 48 کروڑ روپے انتخابی سامان کی نقل وحمل اور 45 کروڑ روپے انتخابات کے لئے تشہیری اخراجات کی مد میں استعمال ہوں گے، اس کے علاوہ الیکشن کمیشن کےمطابق 21 کروڑ 50 لاکھ روپے کے بیلٹ باکس اور ووٹنگ اسکرینز بھی خریدے جائیں گے۔