کراچی میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی برقرار رکھنے کا حکم

سندھ ہائی کورٹ نے آئل ٹینكر كو ذولفقارآباد ٹرمینل منتقل كرنے كا حكم دے دیا

سندھ ہائی کورٹ نے آئل ٹینكر كو ذولفقارآباد ٹرمینل منتقل كرنے كا حكم دے دیا، فوٹو؛ فائل

سندھ ہائی كورٹ نے اندرون شہر میں ہیوی ٹریفك كے داخلے پر پابندی كیس میں آئل ٹینكر كو ذولفقارآباد ٹرمینل منتقل كرنے كا حكم دیتے ہوئے شہر میں ہیوی ٹریفك كے داخلے پر پابندی برقرار ركھی ہے۔


ہفتے كو سماعت كے موقع پر میئر كراچی وسیم اختر، حكومت سندھ كے فوكل پرسن اور ڈی آئی جی ٹریفك بھی پیش ہوئے، ٹرانسپورٹر كی جانب سے ہیوی ٹریفك تین روٹس پر چلانے كی تجویزدی گئی جس میں كہا گیا كہ سہراب گوٹھ سے گلشن چورنگی، شارع فیصل سے كورنگی تك روٹ دیا جائے، دوسرا راستہ سہراب گوٹھ، لالو كھیت، اسٹیڈیم روڈ، شارع فیصل سے كورنگی تك روٹ، تیسرا روٹ مائی كلاچی روڈ سے بلاول چورنگی اور سی ویو سے كورنگی تك روٹ دیا جائے۔ ٹرانسپوٹرز كے وكلا نے ان تین روٹس پر پابندی ہٹانے كی استدعا كی اور كہا كہ یہ روٹس آبادیوں والے علاقوں سے نہیں گزرتے، لیاری ایكسپریس وے كو ہیوی ٹریفك كیلیے كھولا جائے، حكومت نے وعدہ كیا تھا کہ لیاری سے پورٹ تك برج بنائے گی لیکن وہ تعمیر نہیں ہوئی، ساؤدرن بائی پاس تعمیراتی منصوبہ بھی نہیں بنا یاگیا، اگر یہ بنا دیا جاتا تو آج یہ نوبت نہیں آتی، عدالت كو بتایا گیا كہ اس معاملے پر میئر كراچی نے اسٹیك ہولڈرز ہر مشتمل كمیٹی بنانے كی تجویز دی ہے۔

عدالت نے میئر كراچی اور دیگر فریقین سے كمیٹی كے اركان كیلیے نام طلب كرلیے ہیں۔ كمیٹی اركان میں كلفٹن كنٹونمنٹ بورڈ، كے پی ٹی ، ٹرانسپورٹرز اور دیگر كے نمائندے شامل ہوں گے۔ اس موقع پر كے پی ٹی كی جانب سے عدالت سے استدعا كی كہ معاملہ جلد حل كیا جائے، ہڑتال كے باعث پورٹ متاثر ہو رہا ہے، كے پی ٹی كے وكیل نے كہا كہ پورٹ سے درآمد شدہ گڈز باہر نہ نكلنے كے باعث جہاز لنگر انداز كر نے كی گنجائش ختم ہو گئی ہے، باہر كے ممالك سے جہازوں كی آمد و رفت بھی روكنا پڑھ گئی ہے، ہڑتال كے باعث كے پی ٹی كو اس وقت كم از كم 4 ارب كا نقصان ہو چكا ہے، روزانہ ایك ارب كے قریب نقصان ہو رہا ہے، ہڑتال مزید جاری رہی تو درآمدات كے آئٹمز كا بحران پیدا ہو سكتا ہے ہمارا مقصد ہیوی ٹریفك كا شہر میں داخلہ نہیں ، ہم جلد از جلد حل كے خواں ہیں، اس معاملے كے باعث ملكی معیشت كو نقصان ہو رہا ہے۔ عدالت نے رہائشی علاقوں میں ہیوی ٹریفك پر پابندی برقرار ركھتے ہوئے سماعت 20مئی تك ملتوی كردی۔
Load Next Story