رمضان سے قبل مہنگائی کی دستک آلو ٹماٹر اور دالوں کے دام بڑھ گئے

ہفتہ وار اعدادوشمار کے مطابق 11 مئی 2017 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 17 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔


Business Desk May 14, 2017
ہفتہ وار اعدادوشمار کے مطابق 11 مئی 2017 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 17 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

ملک میں ہفتہ وار افراط زر کی شرح میں کمی کا تسلسل گزشتہ ہفتے ٹوٹ گیا اور6 ہفتے کے بعد حساس قیمتوں کے اشاریے (ایس پی آئی) پر مبنی انفلیشن ریٹ میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.21 فیصد کا اضافہ ہوگیا جس میں بڑا کردار ایک بار پھر ٹماٹر اور آلو کے ساتھ دالوں کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ ہے جو رمضان سے قبل مہنگائی کی دستک ہے۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری کردہ ہفتہ وار اعدادوشمار کے مطابق 11 مئی 2017 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران 17 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی قیمتوں میں 16.24 فیصد کا ہوا جس کے نتیجے ملک میں ٹماٹر کے اوسط نرخ 32.78 روپے فی کلوگرام ہوگئے جو ایک ہفتے قبل28.20 روپے فی کلوگرام تھے، نہانے کا صابن3.60 فیصد بڑھ کر 40.53 روپے فی کس، آلو 3.38 فیصد بڑھ کر33.67 روپے فی کلو، زندہ برائلرمرغی3.02فیصد کے اضافے سے 158.39 روپے فی کلوگرام، کیلے 1.83 فیصد بڑھ کر 86.27 روپے فی درجن، شرٹنگ 1.16 فیصد کے اضافے سے 167.18 روپے فی میٹر اور باسمتی ٹوٹا چاول0.98 فیصد بڑھ کر 68.14 روپے فی کلوگرام ہو گئے۔

اس کے علاوہ دال مونگ 0.94 فیصد، دال ماش0.77 فیصد، دال مسور0.40 فیصد، سرخ مرچ پسی ہوئی کھلی 0.33 فیصد، دال چنا،0.20 فیصد، لانگ کلاتھ0.14 فیصد، گڑ0.11 فیصد، سرسوں کا تیل 0.06 فیصد، بکرے کا گوشت0.02 فیصد اور ویجیٹیبل گھی (کھلا/ تھیلی) کے نرخ اوسطاً0.01 فیصد بڑھے۔

قبل ازیں 24 مارچ کوختم ہونے والے ہفتے میں آخری بار 1.19 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا جب ملک میں ٹماٹر کی قیمتیں 100روپے فی کلو گرام سے بھی تجاوز کر گئی تھیں۔

بیوروشماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے 10اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ایل پی جی سلنڈر (11کلوگرام) 2.61 فیصد، پیاز1.66 فیصد، انڈے 0.87 فیصد، خشک دودھ 0.49 فیصد، گندم0.36 فیصد، آٹا 0.35 فیصد، چینی 0.34 فیصد، لہسن0.21 فیصد، پکانے کے تیل (2.5 لیٹر ٹن)0.19 فیصداور ویجیٹیبل گھی (2.5کلوگرام ٹن) کی قیمتوں میں0.19 فیصد کی کمی ہوئی، اس کے علاوہ تازہ دودھ، دہی، نمک، چائے کی پتی، اری 6چاول سمیت 26اشیا کے نرخ برقرار رہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں