مختلف ممالک میں مدرز ڈے منانے کے انداز

عالمی طور پر منائے جانے والے اس دن کو پچھلے چند برسوں سے وطن عزیز میں بھی خاصے جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔


Munira Adil May 14, 2017
عالمی طور پر منائے جانے والے اس دن کو پچھلے چند برسوں سے وطن عزیز میں بھی خاصے جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔ فوٹو : نیٹ

آج دنیا بھر میں ماؤں کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ یہ ماں کی عظمت کو سراہنے، ممتا کے بے غرض جذبے کو سلام پیش کرنے، محبتیں نچھاور کرنے والی ہستی سے اظہار محبت و تشکرکا دن ہے۔

بفضل خدا ہم ایک ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں ماں سے اپنی محبت کا اظہار کرنے، اس کی خدمت کرنے، دعائیں لینے کے لیے ہمیں کسی خاص دن کی ضرورت نہیں۔ لیکن عالمی طور پر منائے جانے والے اس دن کو پچھلے چند برسوں سے وطن عزیز میں بھی خاصے جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔ مغرب کی تقلید میں بہت سے پاکستانی اس روز اپنی ماؤں کو تحفے تحائف دے کر ان کی قربانیوں اور بے لوث محبت کا اعتراف کرنے لگے ہیں۔

محبتوں کا اظہار، رشتوں کو مضبوط کرتا ہے یہی وجہ ہے کہ یہ دن بے انتہا جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔ وہ بچے جنھوں نے برسوں سے کبھی اپنی ماں کو کوئی تحفہ نہیں دیا تھا اب ہر برس ماؤں کے عالمی دن پر پھول، کیک وغیرہ ضرور دیتے ہیں۔ ماؤں کو بھلا تحفوں کی کیا ضرورت مگر محبتوں کا یہ اظہار ان کی روح تک کو سر شار کردیتا ہے۔ جب اولاد ماں سے اپنی محبتوں کا لفظوں میں اظہار کرتی ہے تو چاہت کا یہ احساس ماں کی آنکھوں کے گوشے نم کردیتا ہے۔ یہ خوشیوں بھرا احساس ہی اس دن کا خاصہ ہے۔ مگر مغربی ممالک میں اس کے برعکس ماؤں کے عالمی دن پر ہی ماؤں کی خدمات کا اعتراف کیا جاتا ہے اور اولڈ ہومز میں مقیم ماؤں کو عموماً اس دن کا شدت سے انتظار رہتا ہے۔

مغربی ممالک میں لوگ اس موقع پر ماں یا ماں جیسی دیگر خواتین مثلاً سوتیلی ماں، ساس، کوئی رشتے دار خاتون یا حلقہ احباب میں ایسی خاتون جن کو وہ ماں کا درجہ دیتے ہوں ان کو مبارک باد اور تحائف پیش کرتے ہیں۔ ماؤں کا عالمی دن مختلف ممالک میں مختلف تاریخوں کو منایا جاتا ہے۔ مئی کے دوسرے اتوار کو یہ مختلف ممالک (جن میں پاکستان بھی شامل ہے) مثلاً آسٹریلیا، کینیڈا اور امریکا وغیرہ میں منایا جاتا ہے۔ برطانیہ میں یہ ایسٹر کے اتوار سے تین ہفتے قبل منایا جاتا ہے۔

کچھ ممالک میں ماؤں کا عالمی دن سالانہ عام تعطیل کے طور پر منایا جاتا ہے مثلاً کوسٹا ریکا میں پندرہ اگست، جارجیا میں تین مارچ، اور تھائی لینڈ میں بارہ اگست کو منایا جاتا ہے۔ مختلف ممالک میں ماؤں کا عالمی دن مختلف انداز میں منایا جاتا ہے۔ ہر خطے، ہر جگہ کے رہنے والے اپنے انداز میں اپنی ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ چند ممالک میں ماؤں کا عالمی دن منانے کا انداز ذیل میں ذکر کیا جارہا ہے۔

آسٹریلیا:

موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے اکثر خاندان اس دن کے لیے ساحلِ سمندر پر یا پارک وغیرہ میں بکنگ کرکے گزارتے ہیں۔ ماؤں کو اپنے ہاتھ سے بنے تحفے یا کارڈ پیش کیے جاتے ہیں، پھول، چاکلیٹ، ملبوسات، گفٹ، وائوچرز اور دیگر تحائف ماؤں کو یا ماں کا درجہ رکھنے والی دیگر خواتین کو پیش کیے جاتے ہیں۔ اس دن کی مناسبت سے شاعری اور کہانیاں اخبارات اور رسائل میں شامل اشاعت کی جاتی ہیں، ٹی وی اور ریڈیو پر نشر کی جاتی ہیں اور ماؤں کو تحفے میں بھی پیش کی جاتی ہیں۔ گھر یا ریسٹورنٹ میں ناشتہ، دوپہر یا رات کا کھانا یا شام کی چائے سے لطف اندوز ہوا جاتا ہے۔ فلمیں دیکھی جاتی ہیں یا کسی تفریحی مقام کی سیر کی جاتی ہے۔

کینیڈا:

کینیڈا کے شہری ماؤں کی قربانیوں کے اعتراف میں انھیں کارڈ، پھول یا چاکلیٹ یا ہاتھ سے بنی اشیا پیش کرتے اور مختلف پکوانوں سے ان کی تواضع کرتے ہیں۔ کچھ لوگ اپنی ماں کو فلم دکھانے کے لیے لے جاتے ہیں یا ان کے ساتھ ریسٹورنٹ یا کیفے یا کسی پارک میں دن گزارتے ہیں۔ کچھ افراد انھیں زیورات، کپڑے، دیگر تحائف اور کاسمیٹکس وغیرہ پیش کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف اشیا کے گفٹ وائوچرز دینے کا بھی رجحان پایا جاتا ہے۔

اسپین:

مائیں اور ننھیالی رشتے داروں کو اس دن چاکلیٹ، پھول، کارڈ، زیورات اور کپڑے تحفے میں دیے جاتے ہیں، کچھ خاندان ہوٹل میں خصوصی کھانے کھانے جاتے ہیں جب کہ بقیہ افراد گھر میں ہی روایتی گھریلوکھانے بناکر یہ دن مناتے ہیں۔ اکثر بچے اپنے ہاتھ کی بنی اشیا اور کارڈز اپنی ماں کو تحفے میں پیش کرتے ہیں۔

فرانس:

فرانس میں روایتی تحائف جن میں پھول، کیک اور چاکلیٹ شامل ہیں اس کے ساتھ ہی ساتھ ہاتھ سے بنے تحائف اور ہاتھ سے لکھی نظمیں شامل ہیں۔ کچھ خاندان خصوصی عشایئے کا گھر یا ریسٹورنٹ میں اہتمام کرکے اس دن کو مناتے ہیں۔ ایک خصوصی خاندانی تمغہ جو Médaille de la Famille کے نام سے جانا جاتا ہے۔ روایتی طور پر کچھ والدین کو پیش کیا جاتا ہے۔

میکسیکو:

ماؤں یا ان خواتین کو جن سے ماں جیسی محبت ہو، ان کو پھول، کارڈ، مٹھائی اور دیگر تحائف پیش کیے جاتے ہیں۔ جو ماؤں کے لیے ان کی اولاد کی طرف سے محبت اور تشکر کا اظہار کرتے ہیں۔

پولینڈ:

پولینڈ میں ماؤں کو کارڈ، پھول، کیک یا دیگر تحائف پیش کیے جاتے ہیں۔ اسکولوں اور ڈے کیئر سینٹروں میں بچے اپنی ماؤں کے لیے کاغذ پر ذاتی پیغام یعنی ماں سے اپنی محبت کا اظہار تحریر کرتے ہیں اور اس کو پھولوں سے سجاتے ہیں۔ کچھ اسکول ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی طور پر منایا جاتا ہے، تقریبات کا بھی انعقاد کرتے ہیں۔

رومانیہ:

رومانیہ میں ماؤں کو کارڈ، پھول اور دیگر تحائف دیے جاتے ہیں۔ کچھ خاندان اپنی ماؤں کے لیے خصوصی پکوان تیار کرتے ہیں۔

برطانیہ:

ماؤں کی عزت افزائی کرنے کے لیے مائوں، سوتیلی مائوں، نانی، دادی اور ساس کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ خصوصی کوشش کی جاتی ہے کہ اس دن اپنی ماں سے ضرور ملاقات کریں۔ تحفے اور کارڈ پیش کیے جاتے ہیں، ہوٹل یا ریسٹورنٹ میں ساتھ کھانا کھلانے لے جاتے ہیں، جو افراد اس دن اپنی ماؤں سے ملاقات نہیں کرسکتے وہ کارڈ اور تحائف ارسال کردیتے ہیں۔

امریکا:

ماؤں کو کارڈ دیا تحائف پیش کرتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ ماں سے ملاقات کریں۔ عموماً ماؤں کو پھول، چاکلیٹ، کینڈی، کپڑے، زیورات وغیرہ تحفے میں دیے جاتے ہیں۔ کچھ خاندان سیر و تفریح کے پروگرام ترتیب دیتے ہیں۔ خصوصی پکوان بنائے جاتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں