اس بار الیکشن میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے آصف زرداری

حکمران غلط فہمی میں ہیں کہ پنجاب میں جنگلے، ٹرینیں اور راستے بنانے سے ووٹ ملیں گے اور وہ حکومت بنا لیں گے، آصف زرداری

جس طرح پختونوں کو خیبر پختونخوا کا تحفہ دیا اسی طرح فاٹا کو خیبر پختونخوا سے ملائیں گے، آصف زرداری۔ فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کے شریک چیر مین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ اس بار الیکشن میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے اور ہر حلقے میں ووٹ کے لیے جنگ لڑیں گے اور نتائج سامنے آنے تک پولنگ اسٹیشنز سے نہیں ہٹیں گے۔

پشاور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے خیبر پختونخوا کو این ایف سی ایوارڈ دیا اور پختونوں کو ان کے حقوق دیئے، سی پیک کا خواب میں نے پختونوں اور بلوچوں کے لیے دیکھا جسے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا تاہم ہم اس خواب کو ضرور مکمل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کے پی کے میں لوگ بے گھر ہیں، لوگوں کو جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے اور شناختی کارڈز روکے جا رہے ہیں جب کہ کراچی جہاں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے پختونوں کا سب سے بڑا شہر ہے، وعدہ کرتا ہوں کہ اگر دوبارہ موقع ملا تو جس طرح پختونوں کو خیبر پختونخوا کا تحفہ دیا اسی طرح فاٹا کو خیبر پختونخوا سے ملائیں گے۔


آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارے جو مخالفین کہتے تھے کہ 3 یا 6 مہینے میں بجلی نہیں آئی تو نام بدل دینا ، پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں افغانستان میں امن تھا اور افغان حکومت کے ساتھ تعلقات بھی اچھے تھے، ہمسائے ہمارے دوست ہیں اور ان سے دوستی ہونی چاہیئے لیکن نواز شریف کی سوچ امریکا کی سوچ ہے، خطے میں پہلے گرمی پیدا کی جاتی ہے اور پھر جنگیں کرائی جاتی ہیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

سابق صدر نے کہا کہ پچھلی دفعہ میں نے انتخابی مہم نہیں چلائی کیونکہ ہر چیز کا وقت ہوتا ہے، یہ آخری سال ہے جس میں نکلا ہوں اور پاکستان کے کونے کونے میں جا کر بھرپور انتخابی مہم چلاؤں گا، پاکستان میں زندگی ڈرکر نہیں جی سکتے، سیاست بڑھ چڑھ کریں گے چاہے دنیا کی ہو یا ملک کی، پیپلزپارٹی کمزور نہیں کیونکہ بھٹو صاحب نے اتنی طاقت دی ہے کہ ہم دشمنوں کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر دیکھ سکتے ہیں۔

شریک چیر مین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت سے معاشی حالات ٹھیک نہیں ہو رہے، نئے کرنسی نوٹ چھاپے جا رہے ہیں اور قرض پر قرض لیے جا رہے ہیں، یہ سمجھتے ہیں کہ مغل سلطنت ہمیشہ قائم رہے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکمران غلط فہمی میں ہیں کہ پنجاب میں جنگلے، ٹرینیں اور راستے بنانے سے ووٹ ملیں گے اور وہ حکومت بنا لیں گے، میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ اس بار دھاندلی نہیں ہونے دیں گے، ہر پولنگ اسٹیشن پر قبضہ کریں گے اور ایک ایک ووٹ کے لیے جنگ لڑیں گے، اس وقت تک پولنگ اسٹیشنز میں بیٹھے رہیں گے جب تک نتائج نہ آ جا ئیں۔
Load Next Story