افغانستان بم دھماکا آپریشن 2 طالبان رہنماؤں سمیت 65 جنگجو ہلاک

سمگان میں مارے جانیوالوں میں طالبان کے فرضی گورنر مولوی جلال اورضلعی چیف مولوی غیاث الدین بھی شامل ہیں،وزارت داخلہ

مختلف علاقوں میں کیے گئے آپریشنز میں55زخمی،کابل میں زہریلی گیس کے باعث اسکول کے 50طلبا متاثر،اسپتال منتقل۔ فوٹو: فائل

افغانستان میں طالبان کی گاڑی سڑک کے کنارے نصب بم سے ٹکرانے اور ملک کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے انسداد دہشتگردی آپریشنز میں 2اہم طالبان رہنما ؤں سمیت 65شدت پسند ہلاک اور 55 زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملک کے مختلف حصوں میں کلیرنس آپریشن کے دوران 27شدت پسند ہلاک اور20زخمی ہوگئے۔ آپریشن ننگر ہار ،کپیسا ، پکتیا ، خوست ، لوگر ، ارزگان ، غور ، قندوز ، فریاب ، سمگان، بغلان، سرائے پل ، بدخشان اور ہلمند میں کیا گیا۔ صوبہ قندھار کے ضلع میوند میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں 10شدت پسند ہلاک اور7دیگر زخمی ہوگئے۔ بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیاگیا۔


وزارت دفاع کے مطابق طالبان کی گاڑی سڑک کے کنارے نصب بم سے ٹکرانے کا واقعہ ضلع میدوند میں پیش آیا۔ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ بیان میں کہا گیاکہ ضلع نش کے آپریشن میں 10شدت پسند ہلاک اور 6زخمی ہو گئے جبکہ 2کو گرفتارکرلیا گیا۔

ادھر صوبہ سمگان میں فورسزکے ٹارگٹڈ آپریشن میں 2اہم طالبان رہنما مارے گئے۔ آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے 6شد ت پسندوں میں گروپ کے فرضی صوبائی گورنر مولوی جلال اور گروپ کے ضلعی چیف مولوی غیاث الدین بھی شامل ہیں۔آپریشن کے دوران 15شدت پسند زخمی بھی ہوئے ہیں۔

علاوہ ازیں وزارت تعلیم کے ترجمان محمد کبیر حقمال کا کہنا ہے کہ زہریلی گیس کا واقعہ کابل شہر میں اسکول کے ایک پروگرام کے دوران پیش آیا۔
Load Next Story