فرحت بخش مشروبات

صحت بخش مشروبات کی جگہ نرم مشروبات یا سوفٹ ڈرنکس نے لے لی ہے۔


Munira Adil May 15, 2017
صحت بخش مشروبات کی جگہ نرم مشروبات یا سوفٹ ڈرنکس نے لے لی ہے۔ فوٹو: نیٹ

مہمان داری مشرقی تہذیب کی خوب صورت روایت ہے۔ مہمان کی آمد پر موسم کی مناسبت سے مشروب پیش کرنا اس کے دل میں میزبان کی قدر و منزلت بڑھا دیتا ہے۔

موسم کی تبدیلی کے ساتھ مشروبات میں بھی تبدیلی آجاتی ہے۔ موسم گرما میں دہی کی چھاچھ ، لسی، کیری کا شربت، لیموں کی سکنجبیناور دیگر پھلوں کے شربت سے مہمانوں کی تواضع کرنے کا رواج آج بھی ہمارے معاشرے میں پایا جاتا ہے۔ اہل خانہ بھی عموماً موسم گرما میں ان مشروبات کا کثرت سے استعمال کرتے تاکہ موسم کے مضر اثرات سے بچ سکیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ جہاں دیگر معاملات کے ساتھ ساتھ نت نئے پکوان بنائے جانے لگے ہیں وہیں مشروبات میں بھی تبدیلی آئی ہے۔

صحت بخش مشروبات کی جگہ نرم مشروبات یا سوفٹ ڈرنکس نے لے لی ہے۔ یخ ٹھنڈی سوفٹ ڈرنک کے بغیر کھانے کا تصور محال ہوگیا ہے۔ ان مشروبات سے صحت کو نقصان پہنچتا ہے، اور ان کا روزانہ استعمال یادداشت کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔لہٰذا صحت بخش مشروبات کو اپنی روزمرہ غذا میں شامل کرنے کے ساتھ ساتھ مہمانوں کی تواضع بھی ان مشروبات سے کریں۔ ذائقہ اور لذت سے بھرے صحت بخش مشروبات سے لطف اندوز ہوکر مہمان آپ کی تعریف کیے بنا نہیں رہیں گے ۔ تو پھر آج ہی ذیل میں درج مشروبات کی تراکیب کو آزمائیے اور فرحت بخش مشروبات کا مزہ لیجیے۔

تربوز کا شربت

اجزا:

تربوز کے ٹکڑے: دو کپ، پانی: دو گلاس، لال شربت: چار کھانے کے چمچے یا حسب ذائقہ، برف : ایک کپ

ترکیب:

بلینڈر میں پانی، برف ، لال شربت اور ایک کپ تربوز ڈال کر بلینڈ کرلیں۔ ایک کپ تربوز کو باریک ٹکڑوں میں کاٹ لیں اور بنے ہوئے شربت میں ملاکر گلاسوں میں ڈال کر پیش کریں۔

آئس کریم شیک

اجزا:

آئس کریم : دو اسکوپ، دودھ: ڈیڑھ گلاس، برف : ایک کپ، کنڈینسڈ ملک یا گاڑھا دودھ: دو کھانے کے چمچے یا حسب ذائقہ، بادام پستے باریک کٹے ہوئے: دو کھانے کے چمچے

ترکیب:

بلینڈر میں دودھ،برف،کنڈینسڈ ملک اور آئس کریم ڈال کر بلینڈ کرلیں۔ پھر اس میں بادام، پستے ڈال کر چمچے سے ملائیں اور گلاسوں میں ڈال کر پیش کریں۔

فالسے کا شربت

اجزا:

فالسے : ایک پیالی، چینی : ایک پیالی، پانی: دو گلاس، سرخ کھانے کا رنگ :چٹکی بھر، برف : ایک پیالی، کالا نمک: حسب ذائقہ

ترکیب:

بلینڈر میں فالسے، چینی، پانی، سرخ کھانے کا رنگ، برف،کالا نمک ڈال کر پیس لیں۔گلاسوں میں چھان کر ڈالیں اور پیش کریں۔

مینگو شیک

اجزا:

آم بڑا : ایک عدد، دودھ : ڈیڑھ گلاس، کنڈینسڈ ملک : دو کھانے کے چمچے یا حسب ذائقہ، برف : ایک پیالی، مینگو ایسنس : چند قطرے

ترکیب:

آم کو چھیل کر اس کے ٹکڑے کرکے بلینڈر میں ڈالیں پھر دودھ، کنڈینسڈ ملک، برف، مینگو ایسنس ڈال کرپیس لیں۔ غذائیت بخش اور ذائقے سے بھرپور مینگو شیک تیار ہوگا۔

چاکلیٹ اور چیکو شیک

اجزا:

چیکو:چار عدد، دودھ: دو گلاس، ملک چاکلیٹ: ایک عدد، برف: ایک پیالی، چینی:حسب ذائقہ

ترکیب:

چیکو چھیل کر بیج نکال دیں۔ بلینڈر میں چھلے ہوئے چیکو کے ٹکڑے، دودھ، ملک چاکلیٹ، برف ڈال کر ان اجزا کو یک جان کرلیں۔ اگر ضرورت ہو تو چینی ڈالیں اور کچھ دیر کے لیے بلینڈر چلانے کے بعد گلاسوں میں ڈال کر پیش کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |