موسم گرما میں چہرے کی حفاظت

گرمیوں میں فریش لُک کے لیے ذرا یہ نسخے تو آزماکر دیکھیں۔


Shahida Rehana May 15, 2017
گرمیوں میں فریش لُک کے لیے ذرا یہ نسخے تو آزماکر دیکھیں۔ فوٹو : فائل

خواتین کی اکثریت یہ سمجھتی ہے کہ مہنگی مہنگی کریموں اور لوشنوں سے ہی چہرے کی تازگی حاصل کی جاسکتی ہے۔ لیکن موسم گرما میں یہ کریمیں اور لوشنز چند منٹوں میں ہی بہہ جاتے ہیں اور چہرہ مرجھایا ہوا محسوس ہونے لگتا ہے۔

گرمیوں میں فریش لُک کے لیے ذرا یہ نسخے تو آزماکر دیکھیں۔

٭زیادہ سے زیادہ پانی پییں۔ روزانہ کم از کم ایک گلاس لیموں پانی، ایک گلاس دودھ اور ایک گلاس جوس کا ضرور استعمال کریں۔

٭ہر گھنٹے بعد چہرے پر عرق گلاب یا عرق گلاب ملا پانی یا سادہ لیموں پانی کا اسپرے کریں۔ یہ آپ کے چہرے پر حفاظتی تہہ کا کام کرے گا۔

٭ایک ٹماٹر کا گودا مسل کر چہرے پر پانچ منٹ تک لگائیں اور پھر سادے پانی سے منہ دھولیں۔ جب بھی موقع ملے آڑو، پپیتا، ایلوویرا وغیرہ کو مسل کر اس کا ماسک بناکر لگائیں۔ مہینے میں ایک بار ضرور ان میں کوئی ایک اشیا ضرور استعمال کریں۔

٭ٹماٹر کا چھلکا اتار لیں، چند پتے پودینے کے لے لیں اور ایک چمچہ جو کا آٹا لے کر ان سب کو پیس کر پیسٹ بنالیں۔ چہرے پر لگاکر ایک ململ کا کپڑا گیلا کرکے چہرے کو دس منٹ تک ڈھک کر رکھیں اور پھر سادہ پانی سے دھولیں۔ چہرہ چمک اٹھے گا۔

٭ایک چمچہ پسا لاہوری نمک، ایک کپ پانی میں ملاکر اسپرے والی بوتل میں رکھ لیں۔ بوتل کو فریج میں رکھ دیں۔ پانی ٹھنڈا ہونے پر اس سے چہرے پر اسپرے کریں اور چہرہ خشک ہوتے ہی پانی کے چھینٹے منہ پر مار کر دھولیں۔ چہرے کی تمام رطوبت باہر آجائے گی جلد کھلی کھلی محسوس ہوگی۔

٭ایک چھوٹا آلو، ایک کھیرے کا ٹکڑا اور ایک سیب کا ٹکڑا کدوکش کرکے مکس کرلیں۔ اس مکسچر کو روزانہ صابن کی جگہ استعمال کریں۔ اس سے چہرے کی چکناہٹ دور ہوجائے گی۔

٭بیسن میں لیموں یا کینو کے چھلکے پیس کر ملالیں اور اس پاؤڈر سے روزانہ منہ دھوئیں۔ جلد نرم اور ملائم ہوجائے گی۔

٭ہفتے میں ایک بار آدھا کپ قہوے میں آدھا کپ پانی مکس کرکے تھوڑی تھوڑی مقدار استعمال کرتے ہوئے چہرہ دھوئیں۔

٭کچے دودھ کوائس کیوب میں جمالیں۔ روزانہ ایک کیوب چہرے پر لگائیں اور سادے پانی سے منہ دھولیں۔

٭دہی اور شہد ملاکر چہرے پر پانچ منٹ تک مساج کریں اور پھر نیم گرم پانی سے دھولیں۔ یہ آپ کے چہرے کے لیے بہترین کلینرز ثابت ہوگا۔

٭مکئی کے آٹے میں دہی شامل کرکے پیسٹ بنالیں۔ ماسک کی طرح چہرے پر دس منٹ لگائے رکھیں۔ پھر چہرہ دھولیں۔

٭ملتانی مٹی میں لیموں کا رس یا چنے کا آٹا یا صندل کا برادہ ملاکر اسے اسکرب کی طرح چہرے پر ملیے۔ پھر سادہ پانی سے دھولیجیے۔ یہ پیسٹ آپ کے چہرے کی بے رونقی ختم کرے گا اور گندگی کو کاٹ کر صاف کردے گا۔

٭موسم کا جو بھی گودے والا پھل یا سبزی کھانے میں استعمال کریں اسے تھوڑا چہرے پر مسل کر لگالیں اور چند منٹوں بعد منہ سادے پانی سے دھولیں تو آپ کے چہرے کو موسچرائزر کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

٭رات کو سونے سے قبل نیم گرم دودھ میں دو روئی کے پھاہے بگھوکر آنکھوں پر رکھ لیں۔ بچی ہوئی چائے کی پتی کو ململ کے دو ٹکڑوں میں رکھ کر تہہ لگالیں اورآدھے گھنٹے کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ پھر دونوں آنکھوں پر اس وقت تک رکھے رہیں جب تک وہ گرم نہ ہوجائیں۔ آپ کی آنکھوں کے گرد جھریاں اور حلقے نہیں پڑیںگے اور آنکھوں کے ڈلے سفید اور چمک دار نظر آئیںگے۔ پیلا ہٹ دور ہوجائے گی اور سرخی بھی کٹ جائے گی۔ کام سے تھک جائیں تو دونوں ہتھیلیوں کو آپس میں رگڑیں اور آنکھوں پر رکھ لیں تھکن دور ہوجائے گی۔

٭آنکھوں کا ورم، سرخی اور پیلاہٹ دور کرنے کے لیے آلو کے قتلے، کھیرے کے قتلے آنکھوں پر دس منٹ کے لیے رکھیں۔

٭کبھی کبھی کانوں میں سرسوں کا تیل ڈال لینے سے بھی آنکھوں میں چمک پیدا ہوجاتی ہے۔

٭روزانہ ہم وزن چینی اور سونف کھانے سے آنکھوں کو فائدہ ہوتا ہے۔

٭برف کی ٹکور سے آنکھوں کو ٹھنڈک محسوس ہوگی اور آنکھوں کو آرام ملے گا۔ تھکی ہوئی آنکھوں کے لیے یہ عمل بہت مفید ہے۔

٭کبھی کبھی آنکھوں میں خالص شہد کی ایک ایک سلائی لگالیں دس منٹ بعد آنکھیں سادہ پانی سے دھولیں۔

٭باہر نکلتے ہوئے آنکھوں کی حفاظت کے لیے دھوپ کا چشمہ ضرور استعمال کریں۔

٭روغن زیتون یا بادام کے تیل کو آنکھوں کے ارد گرد ہلکے ہاتھوں سے لگائیں۔ سیاہ حلقے غائب ہوجائیں گے۔

٭روزانہ صبح منہ ہاتھ دھونے سے قبل آنکھوں پر پانی کے چھینٹے ماریں تو آنکھیں سیاہ حلقوں سے محفوظ رہیںگی۔

٭نمکین پانی کا آنکھوں پر اسپرے کرنے سے بھی حلقے نہیں پڑتے۔ پلکوں پر کیسٹر آئل لگانے سے یہ گھنی اور چمک دار ہوجائیںگی۔

٭مولی کا رس، پیاز کا رس لگانے سے بھی آنکھوں کے گرد پڑنے والے سیاہ حلقے غائب ہوجاتے ہیں۔

٭ناک پر سے بلیک ہیڈ، میل کچیل صاف کرنے کے لیے لیموں کے رس میں جو کا آٹا یا مکئی کا آٹا ملا کر لگائیں ۔ پانچ منٹ تک ناک کا اس سے مساج کریں اور پھر چہرہ دھولیں۔

٭جب بھی چہرے پر اسکرب یا ابٹن لگائیں تو ناک کو خصوصی توجہ کے ساتھ صاف کریں۔ خاص کر اس کی نوک پر اور اطراف میں مساج کریں تاکہ جما ہو امیل کچیل صاف ہوجائے گا۔

٭ناک یا چہرے کے کھلے مساموں کو بند کرنے کے لیے کبھی کبھی کیلے کے چھلکے پر لگا گودا مسل کر چہرے اور ناک پر ماسک کی طرح لگائیں۔ چند منٹوں بعد رگڑ کر صاف کردیں اور منہ دھولیں۔

٭ملتانی مٹی کا ماسک، آڑو کا ماسک (گودا) پپیتے کا گودا، شہد اور دہی وغیرہ کے ماسک کھلے مساموں کو بند کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ یہ جب بھی میسر آئیں ضرور استعمال کریں۔ گرم موسم میں مہینے میں ایک بار فیشل لازمی کریں تاکہ میل کچیل، دھول مٹی، گرد و غبار چہرے سے بالکل صاف ہوجائے۔ اس کے لیے پہلے کسی موسچرائزر کریم سے چہرے کا اچھی طرح دس منٹ تک مساج کریں۔ پھر ایک برتن میں پانی گرم کریں۔ جب بھاپ بننے لگے تو چولھا بند کردیں۔ اب چند قطرے لیموں کا رس ڈال کر فوراً اس پانی کی بھاپ اپنے چہرے پر لیں۔ اس کے لیے برتن کو زمین پر رکھ کر خود کو ایک چادر سے ڈھانپ لیں اور برتن کی بھاپ کو چہرے پر لگنے دیں۔ دس منٹ بعد ٹشو پیپر سے چہرے کو اچھی طرح صاف کریں اور پانچ منٹ کے بعد چہرے پر آئس کیوب ملیں۔ آدھے گھنٹے بعد کسی پھل کا گودا یا ملتانی مٹی کا ماسک لگالیں۔

٭روغن بادام، سرسوں کے تیل سے گالوں اور چہرے پر مالش کرنے سے جھریاں اور جھائیاں ختم ہوجاتی ہیں۔ اس کے لیے انگلی کی پوروں پر تیل لگاکر انھیں چہرے پر ہر جگہ گولائی میں گھمائیں۔

٭روزانہ ایک گھنٹے چیونگم چبانے سے بھی افاقہ ہوگا۔ اس طرح پورے چہرے کی ورزش ہوجائے گی اور جھریاں نہیں پڑیںگی۔

٭ہفتے میں ایک بار انڈے کی سفیدی جھائیوں کی جگہ لگائیں اور پندرہ منٹ بعد منہ دھولیں۔

٭تازہ لیموں کے چھلکے رگڑنے اور برف کی ٹکور سے بھی جھریاں غائب ہونا شروع ہوجائیں گی۔

٭روزانہ رات کو سونے سے قبل روغن بادام گالوں پر لگاکر انگلیوںکی پوروں سے دائرے کی شکل میں دس منٹ مساج کریں پھر نیم گرم پانی سے چہرہ دھولیں۔ ایک ماہ میں ہی فرق محسوس کریںگی۔

٭سیاہ ہونٹوں پر لیموں کے چھلکوں سے پانچ منٹ مساج کریں۔ ہفتے بھر کے عمل سے سیاہی دور ہوجائے گی۔

٭روزانہ رات کو اچھی اور معیاری ویز لین ہونٹوں پر لگاکر سوجائیں۔ ہونٹ کالے نہ ہوںگے۔

٭کچے دودھ یا بالائی میں لیموں کا رس ملاکر ہونٹوں پر لگانے سے سیاہی دور ہوجاتی ہے اور ہونٹ گلابی ہوجاتے ہیں۔

٭ٹماٹروں کے قتلے رگڑنے سے ہونٹ بھی خوب صورت ہوجاتے ہیں۔ n

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں