پاپوا نیوگنی میں 57 قیدی جیل توڑ کر فرار 15 قیدی ہلاک

بوئیمو جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں میں سے متعدد سنگین جرائم میں ملوث ہیں جو آزاد ہوکر خطرہ بن سکتے ہیں

بوئیمو جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں میں سے متعدد سنگین جرائم میں ملوث ہیں جو آزاد ہوکر خطرہ بن سکتے ہیں۔ (فوٹو: فائل)

پاپوا نیوگنی کی بوئیمو جیل توڑنے کی ایک بڑی واردات میں 57 قیدی فرار ہوگئے ہیں جبکہ جیل کے محافظوں نے 17 قیدی ہلاک اور درجنوں زخمی کردیئے ہیں۔

بوئیمو جیل حکام نے خبردار کیا ہے کہ فرار ہونے والے بیشتر قیدی سنگین جرائم میں ملوث تھے جن میں سے کئی کے خلاف مقدمات زیرِ سماعت تھے اور ان مفرور قیدیوں سے لوگوں کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔


بوئیمو جیل پاپوا نیو گنی کے دوسرے بڑے شہر 'لائی' میں واقع ہے جہاں پچھلے چند سال کے دوران جیل توڑنے کی کئی وارداتیں ہوچکی ہیں۔ گزشتہ برس ایسی ہی وارداتوں میں کم از کم 70 قیدی فرار ہونے میں کامیا ہوئے جبکہ کم از کم 11 قیدیوں کو ہلاک کیا گیا۔

پاپوا نیو گنی میں سست رفتار عدالتی کارروائی کے باعث جیلوں میں گنجائش سے زیادہ افراد قید ہیں جبکہ ان میں زیادہ افراد وہ ہیں جو راہزنی، چوری چکاری، ڈکیتی اور لوٹ مار کی مسلح وارداتوں میں ماخوذ ہیں۔

جیل محافظوں کی کم تعداد اور سیکیوریٹی کے ناقص انتظامات کے نتیجے میں قیدیوں کا جیل توڑ کر فرار ہونا پاپوا نیو گنی میں معمول بن چکا ہے۔
Load Next Story