اساتذہ کی بھرتیاں عالمی بینک کا پروجیکٹ ہے سیکریٹری تعلیم

انٹرویوکی بنیاد پر ہی بھرتیاں ہوں گی،اخراجات کی ادائیگی بھی عالمی بینک کریگا

بھرتیوں سے قبل ٹیسٹ میں کامیاب امیدواروں کے انٹرویوزبھی کیے جا ئیں گے اور انٹرویوکی بنیاد پر ہی بھرتیوں کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ فوٹو: ایکسپریس

صوبائی محکمہ تعلیم نے ''الیکشن کمیشن'' کی جانب سے بھرتیوں پر عائدکی گئی پابندیوں کے برعکس کراچی سمیت سندھ بھر میں اسکول اساتذہ کی بھرتیوں کے ''عالمی بینک'' کے منصوبے کو مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

صوبائی سیکریٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہونے اپنے دفترمیں اخبار نویسوں سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی محکمہ تعلیم کے تحت اسکول اساتذہ کی جاری بھرتیاں ''ورلڈ بینک ''کا پروجیکٹ ہے، بھرتیوں کے سلسلے میں آنے والے اخراجات کی ادائیگی بھی عالمی بینک کرے گا لہٰذا لیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات سے قبل سرکاری محکموں میں بھرتیوں پرعائد کی گئی پابندی کا اطلاق محکمہ تعلیم کے تحت اسکول اساتذہ کی بھرتیوں پرنہیں ہوگا ، سیکریٹری تعلیم نے ایک سوال پر بتا یا کہ بھرتیوں سے قبل ٹیسٹ میں کامیاب امیدواروں کے انٹرویوزبھی کیے جا ئیں گے اور انٹرویوکی بنیاد پر ہی بھرتیوں کا عمل مکمل کیا جائے گا۔




واضح رہے کہ صوبائی محکمہ تعلیم کے تحت اسکول اساتذہ کی بھرتیوں کے سلسلے میں این ٹی ایس( نیشنل ٹیسٹنگ سروس ) کی جانب سے تین مراحل میں تحریری ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل کرلیا گیا، این ٹی ایس کی جانب سے ہا ئی اسکول ٹیچرزکیلیے منعقدہ ٹیسٹ کے نتائج بھی جاری ہوچکے ہیں، جونیئر اسکول ٹیچرکے نتائج جلد متوقع ہیں، پرائمری اسکول ٹیچرکے نتائج 31جنوری کوجاری ہونے ہیں ، محکمہ تعلیم ٹیسٹ کے انعقاد کے سلسلے میں این ٹی ایس کوتقریباً 18کروڑ روپے کی ادائیگی کرے گا ۔
Load Next Story