بنگلہ دیش لیگ پلیئرز کو معاوضے دینے میں تاخیر شروع

ایونٹ شروع ہوئے ایک ہفتہ ہوگیا ابھی تک پہلی قسط نہیں ملی، نئی ڈیڈ لائن جاری۔

گورننگ کونسل نے اس معاملے میں پہلی ڈیڈ لائن 16 جنوری کی دی تھی۔ فوٹو : فائل

KARACHI:
بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں پلیئرز کو معاوضے دینے میں تاخیر کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا۔

ایونٹ شروع ہوئے ایک ہفتہ ہوگیا ابھی تک پہلی قسط نہیں ملی،گورننگ کونسل نے ٹیم مالکان کو اب 31 جنوری تک کی نئی مہلت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق بی پی ایل گورننگ کونسل نے دوسرے ایڈیشن کے حوالے سے ادائیگیوں کا نیا فارمولا طے کیا تھا۔

جس کے تحت پلیئرز کو ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی 25 فیصد ادائیگی لازمی تھی، 25 فیصد کی ایک اور قسط فائنل سے قبل اور باقی 50 فیصد ایونٹ ختم ہونے کے 6 ماہ کے اندر ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، مگر اب ٹورنامنٹ کو شروع ہوئے ایک ہفتہ ہونے والا ہے مگر کئی کھلاڑیوں کو معاوضے کی پہلی قسط ہی نہیں ملی۔




گورننگ کونسل نے اس معاملے میں پہلی ڈیڈ لائن 16 جنوری کی دی مگر کسی فرنچائز کے کان پر جوں تک نہیں رینگی جس پر اب 31 جنوری کی نئی مہلت دے دی گئی ہے۔ اس سے قبل گذشتہ ایونٹ کی ادائیگیوں کے لیے بھی درجنوں ڈیڈ لائنز دی گئیں جبکہ کچھ پلیئرز کے معاوضے اب بھی باقی ہیں۔

بی پی ایل گورننگ کونسل کے چیئرمین افضال الرحمان سنہا نے کہاکہ ہمیں پوری امید ہے کہ تمام معاملات 31 جنوری تک حل ہوجائیں گے، ہم ایونٹ کے کھلنا سے دوبارہ ڈھاکا جانے سے قبل ہی تمام ایشوز ختم کرنا چاہتے ہیں، کھلاڑیوں کو ابھی تک 25 فیصد معاوضے کی پہلی قسط نہیں ملی، کچھ نے ابتدائی معاوضہ ادا بھی کردیا ہے، ابھی تک بورڈ کو صرف دو فرنچائزز نے ایونٹ میں شرکت کی فیس ادا کی جبکہ ایک فرنچائز نے ابھی پلیئرز کو گذشتہ ایونٹ کے معاوضے ہی نہیں دیے ہیں، یہ ایسے معاملات ہیں جنھیں ہم جلد سے جلد نمٹانا چاہتے ہیں۔
Load Next Story