اسلامی یکجہتی گیمز ٹینس میں گولڈ میڈل پاکستانی ہاتھوں سے پھسل گیا

ناقابل شکست ٹیم کوفائنل میں ترکی کے ہاتھوں2-0 سے شکست


Sports Reporter May 16, 2017
ویمنز سوئمنگ4x200 فری اسٹائل میں برانز میڈل، باکسرز کا سفر ختم۔ فوٹو: فائل

اسلامی یکجہتی گیمز کے ٹینس ایونٹ میں گولڈ میڈل پاکستانی ہاتھوں سے پھسل گیا، ناقابل شکست گرین شرٹس کو فائنل میں ترکی کے ہاتھوں ہارکے بعد چاندی کے تمغوں پر اکتفا کرنا پڑا۔

باکو میں جاری چوتھے اسلامی یکجہتی گیمز میں کھلاڑیوں کے درمیان میڈلز کی دوڑ جاری ہے، مجموعی طور پر 63 میڈلز کے ساتھ میزبان آذربائیجان سرفہرست ہے، ان میں 30 گولڈ، 22 سلور اور11 برانز میڈلز شامل ہیں۔ ترکی28 گولڈ، 28 سلور اور21 برانز میڈلز کے ساتھ دوسرے، ازبکستان 6 سونے، 5 چاندی اور16 کانسی کے تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان ایک سلور اور2 برانزمیڈلز لیکر 14 ویں نمبر پر ہے۔

ٹینس فائنل میں پاکستان کے عابد مشتاق اورعقیل خان کوسنگلز فائنل مقابلے میں ترکی کے ہاتھوں ہزیمت کا سامنا کرنے کے بعد سلور میڈل پر ہی اکتفا کرنا پڑا، ادھر کراٹے کے بعد پاکستان سوئمنگ میں بھی میڈلز حاصل کرنے میں کامیاب رہا، یہ میڈل پاکستان ویمنز ٹیم نے سوئمنگ ایونٹ کے4x200 فری اسٹائل میں برانز میڈلز جیتا، پاکستان کی سوئمنگ ٹیم بسمہ خان، جہاں آرا، کرن خان اور مشعل عائشہ ایوب پر مشتمل تھی۔ اسی ایونٹ میں ترکی نے پہلی اور انڈونیشیا نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس سے قبل کراٹے کے 75 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں سعدی عباس نے پاکستان کو چاندی کا تمغہ دلوایا تھا۔

باکسنگ کے کوارٹر فائنل مقابلوں میں پاکستان کے دونوں باکسرز ہار گئے، محب اللہ کو69 کلوگرام مقابلوں میں شام کے باکسر حسن المشری کے ہاتھوں 5-0 جبکہ ارشد حسین کو قازقستان کے باکسر اوچھکن کے ہاتھوں 5-0 سے شکست کا سامنا رہا۔

منگل کو باکسنگ کے52کلوگرام مقابلوں میں پاکستان کے محمد آصف قازقستان کے مہموتوف عظمت کے خلاف ایکشن میں دکھائی دیں گے جبکہ 75 کلوگرام میں تنویر کا مقابلہ ڈیوڈن اور81 کلوگرام میں اویس علی کا میچ آذربائیجان کے رحیموف راؤف کے ساتھ ہوگا۔ ایتھلیٹکس مقابلوں کا آغاز بھی منگل سے ہورہا ہے ، اس میں 22 قومی کھلاڑی مختلف ایونٹس کے دوران ایکشن میں دکھائی دیں گے، ان پلیئرز میں13 مرد اور 9 خواتین کھلاڑی بھی شامل ہیں۔

مرد کھلاڑیوں میں عابد علی، ارشد ندیم، اسد اقبال، گوہر شہباز، لیاقت علی، محبوب علی، محمد افضل، محمد عمران، محمد شہباز، محمد یاسر، نوکر حسین، سہیل عامر، عمر سعادت جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں انیقہ ہاشمی، فاطمہ حسین، ماریہ مراتب، مسرت شاہین، نجمہ پروین، رابیہ عاشق، رضیہ سلطانہ، صاحبہ اسرا، ثمرہ شبیر شامل ہیں جبکہ کوچنگ کے فرائض ہیڈ کوچ محمد اصغر گل جبکہ اسسٹنٹ کوچز کے حاجی مقصود احمد اور سمیرہ ظہور شامل ہیں۔

ہیڈ کوچ حاجی محمد اصغرگل کا کہنا ہے کہ پاکستانی ایتھلیٹس اسلامک گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے، انھوں نے کہا کہ دوسرے ملکوں میں کھلاڑی انٹرنیشنل ایونٹ کی تیاری کیلیے پورا پورا سال پریکٹس کرتے ہیں مگر ہمارے ہاں ایسا نہیں ہے، ہمارے ہاں بھی کھلاڑیوں کو بھرپور محنت کرائی جائے، ہمارا ایک اور بھی مسئلہ ہے کہ کوئی انڈور ٹریک نہیں جس میں بارش اور گرمی کے موسم کے دوران پریکٹس کی جا سکے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں