دوسرا ون ڈے آدھی ٹیم کا رن آؤٹ ہونا جنوبی افریقہ کو لے ڈوبا

27 رنز کی فتح کے ساتھ سیریز کیویز کے نام، ٹیسٹ میں شکست کا بدلہ لے لیا۔

279 رنز کے جواب میں جنوبی افریقی کی پوری ٹیم 252 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ فوٹو: اے ایف پی

دوسرے ون ڈے میں آدھی ٹیم کا رن آئوٹ ہونا جنوبی افریقہ کو لے ڈوبا،27 رنز کی فتح کے ساتھ سیریز اپنے نام کرکے نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ میں شکست کا بدلہ بھی لے لیا۔

کولن انگرام اور گریم اسمتھ کی ففٹیز بھی میزبان سائیڈ کے کسی کام نہیں آئیں،279 رنز کے جواب میں 252 پر پوری ٹیم آئوٹ ہوگئی، کائیل ملز نے دو وکٹیں لیں، کپتان برینڈن میک کولم نے اسے تاریخی سیریز کامیابی قرار دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق مہمان سائیڈ نے پروٹیز کو فتح کیلیے 280 رنز کا ہدف دیا،اوپنر ڈی کک25 رنز پر ملز کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔

گریم اسمتھ اور کولن انگرام نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 139 رنز جوڑے، اسمتھ نے اس موقع پر تیسرا رن لینے کی کوشش کی مگر کریز تک پہنچنے سے قبل ہی تھرڈ مین جیمز فرینکلن کی شاندار ڈائریکٹ تھرو نے انھیں 66 کے انفرادی اسکور پر پویلین کی راہ دکھائی دی۔




اگلے اوور میں قائمقام کپتان فاف ڈو پلیسس (2) کو شارٹ کور سے ناتھن میک کولم کے تھرو نے رن آئوٹ کردیا، 79 رنز بناکر انگرام، ناتھن میک کولم کی گیند پر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، ڈی ویلیئرز کی سلو اوور ریٹ پر دو میچز کیلیے معطلی اور ہاشم آملا کے انجرڈ ہونے کی وجہ سے ذمہ داری کا بوجھ ناتجربہ کار بیٹنگ لائن پر آیا جو اس کو اٹھا نہیں پائی، ڈیوڈ ملر (14)، روری کلینویلڈ (0) اور بہردیان (31) بھی رن آئوٹ ہوئے۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے 8 وکٹ پر 279 رنز بنائے،کین ولیمسن 145 پر ناٹ آئوٹ رہے تھے۔

دریں اثنا کپتان برینڈن میک کولم کا کہنا ہے کہ یہ نیوزی لینڈ کی تاریخ کی سب سے عمدہ سیریز کامیابی ہے جو رینکنگ میں نویں نمبر پر موجود ٹیم نے ٹاپ ون ڈے سائیڈ کے خلاف حاصل کی۔
Load Next Story