قائد اعظم ٹرافی کرکٹ اسلام آباد نے کوئٹہ کو 9 وکٹ سے زیر کرلیا

راحیل مجید کی ناقابل شکست سنچری، شان مسعود نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے۔


Sports Desk January 24, 2013
راحیل مجید کی ناقابل شکست سنچری، شان مسعود نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے۔ فوٹو : فائل

قائداعظم ٹرافی میں اسلام آباد نے راحیل مجید کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت کوئٹہ کو 9 وکٹ سے زیر کرلیا۔

میزبان بیٹسمینوں نے پہلی باری میں ناکامی کا بھرپور ازالہ کرتے ہوئے فتح کیلیے درکار 252 رنز محض ایک وکٹ کے نقصان پر بنالیے، راحیل 124 پر ناٹ آئوٹ رہے، شان مسعود نروس نائنٹیز کا شکار بنے، انھوں نے 96 رنز اسکورکیے، میچ میں ناکام سائیڈ کے گوہر فیض نے 9 وکٹیں لیں۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ڈائمنڈ گرائونڈ اسلام آباد پر میزبان ٹیم نے میچ کے چوتھے اور اختتامی دن 45 رنز بغیر کسی نقصان سے دوسری نامکمل اننگز کو شروع کیا، اسے فتح کے لیے مزید207 رنز درکار تھے، راحیل مجید اور شان مسعود کے درمیان 207 رنز کی افتتاحی شراکت نے ہدف کا حصول آسان بنا دیا۔



پہلی باری میں کوئٹہ کیلیے8 وکٹیں لینے والے گوہر فیض نے دوسری اننگز میں اولین وکٹ سے میچ میں شکاروں کی تعداد9 کرلی، راحیل نے 211 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 17 چوکوں کی مدد سے 124 رنز ناٹ آئوٹ بنائے، شان مسعود نے 139 گیندوں پر 96رنز اسکورکیے، ان کی اننگز14 بائونڈریز سے مزین رہی، عمیرخان 18 پر ناٹ آئوٹ رہے۔

کوئٹہ کی ٹیم پہلی باری میں 129رنز کی سبقت لینے کے باوجود دوسری کاوش میں 122 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی تھی جبکہ اسلام آباد کی ٹیم نے پہلی باری میں محض134 رنز بنائے تھے، جیت نے اسلام آباد کو مکمل 6 پوائنٹس کا حقدار بنادیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں