آرٹیکل 1843 میں ترمیم کا فیصلہ پاناما فیصلے پر اپیل کا حق مل جائیگا

دونوں ایوانوں سے منظوری کے بعد 30 دن میں اپیل ہوسکے گی، ذرائع وزارت قانون وپارلیمانی امور


نوید معراج May 16, 2017
دونوں ایوانوں سے منظوری کے بعد 30 دن میں اپیل ہوسکے گی، ذرائع وزارت قانون وپارلیمانی امور۔ فوٹو: فائل

حکومت پاناما لیکس کے مقدمے میں وزیراعظم یا ان کے خاندان کے خلاف فیصلہ آنے کی صورت میں پیشگی حفاظت کے طور پر قومی اسمبلی کے آئندہ سیشن میں آرٹیکل 184/3 میں ترمیم کیلیے بل لانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے جس سے پاناماکیس میں فیصلہ خلاف آنے کی صورت میں نظرثانی اپیل دائرکرنے کا اختیار مل جائیگا۔

قانون وانصاف اور پارلیمانی امور کی وزارتوں کے ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایکسپریس کو بتایا '' حکومت آئین کے آرٹیکل184/3 میں ترمیم کیلیے قومی اسمبلی میں آئینی ترمیمی بل لائے گی۔ اگر یہ بل منظور ہوگیا تو اس سے وزیراعظم کو پاناما کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل دائرکرنیکا اختیار مل جائیگا۔''

ذرائع نے بتایا '' اگر آئینی ترمیم دونوں ایوانوں سے منظور ہوتی ہے تو اس سے وزیراعظم کو 30 دن کے اندر فیصلے کیخلاف اپیل دائرکرنے کا حق مل جائیگا اور سپریم کورٹ کا لارجر بینچ اس کی سماعت کریگا۔''

دوسری طرف قومی اسمبلی اپنے اجلاس میں آئینی ترامیم سمیت اہم قانون سازی کے علاوہ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت کرے گی۔ سیشن کے دوران آئندہ عام انتخابات کے دوران شفافیت یقینی بنانے کیلیے انتخابی اصلاحات ترمیمی پیش کیا جائیگا۔ یہ بل سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے تیار کرلیا گیا ہے اور امکان ہے کہ اس کی متفقہ منظوری دی جائے گی۔

ذرائع نے بتایا ایک اور آئینی ترمیمی بل بھی پیش کیے جانیکا امکان ہے جس میں آئین کی اس آرٹیکل کی بحالی کی سفارش کی جائے گی جس کے تحت نگران حکومت کے بجائے موجودہ حکومت عام انتخابات کراسکے گی۔ اس بل کے تحت آرٹیکل224 میں ترمیم کی تجویز دی جائے گی۔

ذرائع نے بتایاکہ اس ترمیم پر تمام جماعتوں نے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان بلوں کی منظوری کیلیے قومی اسمبلی میں دوتہائی اکثریت درکار ہوگی۔ یہاں سے منظوری کے بعد یہ بل سینٹ کو بھجوائے جائیں گے تاہم ان تمام بلوں کے مسودوں کی منظوری دی جاچکی ہے اور انھیں قومی اسمبلی کے اگلے سیشن میں پیش کیا جائیگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں