بھارت میں مالی بے ضابطگیوں پر سابق وزیر خزانہ چدم برم کے گھر پر چھاپہ

چدم برم کے بیٹے کارتی پر منی لانڈرنگ اور کک بیکس وصول کرنے کے الزامات ہیں، بھارتی میڈیا


ویب ڈیسک May 16, 2017
چدم برم کے بیٹے کارتی پر منی لانڈرنگ اور کک بیکس وصول کرنے کے الزامات ہیں، بھارتی میڈیا۔ فوٹو : فائل

منی لانڈرنگ کے الزام پر بھارت کے سابق وزیر داخلہ چدم برم اور ان کے بیٹے کے گھروں پر سی بی آئی نے چھاپے مارے ہیں۔

بھارت کے وفاقی تحقیقاتی ادارے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن بیورو کے اہلکاروں نے ملک میں کی گئی غیر ملکی سرمایہ کاری میں بڑے پیمانے پر مجرمانہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے دوران کانگریس دور کے وزیر خزانہ پی چدم برم اور ان کے بیٹے کرتی کے گھروں سمیت مختلف شہروں میں 17 مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔

سی بی آئی سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ کے دور میں بھارتی ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی ایئر سیل اور ملائیشین ادارے میکسز گروپ کے درمیان ہونے والے مالی معاہدے اور بھارت کے نامور الیکٹرانک میڈیا گروپ آئی این ایکس نیوز کو سرمایہ کاری کی مد میں ملنے والی رقم کی تحقیقات کررہی ہے۔ یہ دونوں واقعات من موہن سنگھ کی وزارت عظمیٰ کے دوران ہوئے تھے اور حکومت نے ان پیشکشوں کو کلیئر قرار دیا تھا۔

دوسری جانب چدم برم نے اپنے دور وزارت میں کسی بھی قسم کے خلاف ضابطہ اور غیر قانونی کام کی تردید کی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ بی جے پی سرکار سی بی آئی اور دیگر اداروں کو ان کے بیٹے اور دوستوں کے خلاف استعمال کررہی ہے تاکہ میری آواز کو بند کیا جاسکے۔

واضح رہے کہ 600 کروڑ روپے سے زائد کی کسی بھی ڈیل کے لیے بھارت میں کابینہ کی منظوری لازمی ہے لیکن چدم برم پر الزام ہے کہ 2006 میں انہوں نے کابینہ کی منظوری کے بغیر ایئر سیل کی میکسز گروپ کو فروخت کی منظوری دے دی۔ دوسری جانب چدم برم کے بیٹے کرتی پر الزام ہے کہ انہوں نے آئی این ایکس نیوز سے قانونی مشاورت کی مد میں 90 کروڑ روپے کی رقم حاصل کی جس کے بعد ادارہ حکومت سے غیر ملکی سرمایہ کاری کی منظوری میں کامیاب ہوا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں