کراچی میں بجلی کا بریک ڈاؤن متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل

بریک ڈاؤن کے نتیجے میں شاہ فیصل کالونی، ملیر، گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال سمیت نارتھ کراچی کے علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی

بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے: فوٹو: فائل

شہرقائد میں بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق کراچی میں کے الیکٹرک کے متعدد گرڈ اسٹیشنز متاثر ہوگئے ہیں جس کے باعث بڑا بریک ڈاؤن ہوگیا۔ بریک ڈاؤن کے نتیجے میں شاہ فیصل کالونی، ملیر، گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال اور نارتھ کراچی کے علاقوں میں بجلی معطل ہوگئی۔ بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔


ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ شاہ فیصل گرڈ پرتکنیکی وجوہات کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہے، کے الیکٹرک کا عملہ جلد از جلد بحالی کے لیے مصروف عمل ہے۔

دوسری جانب شہرقائد میں کے الیکٹرک کی جانب سے بڑھتی ہوئی گرمی کے ساتھ ساتھ لوڈشیڈنگ میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے جس سے شہریوں کا جینا محال ہوگیا جب کہ کاروباربھی شدید متاثرہوگیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے الیکٹرک کے بن قاسم پاور پلانٹ کا یونٹ نمبرایک فنی خرابی کے باعث بند ہوگیا تھا، کے الیکٹرک انتظامیہ کو اسے بحال کرنے میں کئی روز لگ گئے تھے۔
Load Next Story