پاکستان اور علی بابا گروپ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پردستخط

علی بابا گروپ کے پاکستان میں معاشی سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے وزیراعظم کی نگرانی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے۔

دنیا بھر میں آن لائن شاپنگ کا رجحان بڑھتا جارہا ہے،وزیراعظم نوازشریف۔ فوٹو: اے پی پی

ای کامرس کی معروف کمپنی علی بابا اور پاکستان کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہوگئے جب کہ وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر نے معاہدے پر دستخط کئے۔

وزیراعظم نواز شریف نے آن لائن بزنس کی معروف کمپنی علی بابا کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں کمپنی کے بانی جیک ما نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نواز شریف اور چیک ما کے درمیان ای کامرس کی اہمیت سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ علی بابا گروپ کے پاکستان میں معاشی سرگرمیاں شروع کرنے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جس میں وزیراعظم بھی شریک تھے۔



علی بابا گروپ کے حکام نے وزیراعظم کو کمپنی کی کارکردگی، کامیابیوں اور مستقبل کے اہداف کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا جب کہ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کمپنی اپنا نیٹ ورک دیہی اکانومی، مائیکروفائنانسنگ، مارکیٹنگ، پبلک ویلفئیر اور لائف سائنس سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی میں کام کر رہی ہے اور دنیا بھر میں اس کے 33 ہزار اسٹیشن کام کر رہے ہیں۔ جیک ما کے مطابق ان کی کمپنی کے دنیا بھر میں تقریباً 2 ارب صارفین ہیں جب کہ 10 کروڑ افراد کمپنی سے وابستہ ہیں۔




حکام کے مطابق علی بابا کے مائیکرو فنانس بزنس کی وصولی کا تناسب 99 فیصد ہے جب کہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صرف چین میں کمپنی روزانہ 6 کروڑ پیکج فراہم کرتی ہے اور یہاں تک کہ دنیا کے مشکل ترین مقامات تک آرڈر فراہم کرنے کا سہرا علی بابا گروپ کو جاتا ہے۔



وزیراعظم نواز شریف نے اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال 2013 کے بعد سے مستحکم ہوئی ہے اور پاکستان معاشی اعتبار سے دنیا میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور حکومت پاکستان اپنے لوگوں کی خوشحالی کے لئے تمام تر کوششیں بروئے کار لارہی ہے، انہوں نے ای کامرس کے شعبے میں علی بابا گروپ کی تیزی سے ترقی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں آن لائن شاپنگ کا رجحان بڑھتا جارہا ہے جس سے لوگوں کا وقت بچنے کے لئے علاوہ انہیں بہترین اشیا گھر پر ہی دستیاب ہوتی ہیں۔

Load Next Story