مشال خان قتل کیس میں جے آئی ٹی قانون کے تمام تقاضے پورے کرے سپریم کورٹ

واقعے کے پیچھے پورا احتجاج ہے اسلامی معاشرے میں ایسے رویوں کی گنجائش نہیں ، چیف جسٹس


ویب ڈیسک May 17, 2017
عدالت نے کیس کی سماعت تین ہفتے کیلئے ملتوی کردی: فوٹو: فائل

سپریم کورٹ نے مشال خان قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کو قانون کے تمام تقاضے پورے کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مشال خان قتل ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے موقف اختیارکیا کہ 57 میں سے 53 ملزمان گرفتار کرلئےگئے، 49 ملزمان جوڈیشل اور 4 ملزمان جسمانی ریمانڈ پر ہیں، مرکزی ملزم عمران کو بھی گرفتارکر لیا جس نے مشال کو گولیاں مارنے کا اعتراف کرلیا ہے، 6 گواہان کا بیان ریکارڈ کرلیا جب کہ عبوری چالان جمع بھی کرادیا ہے۔

چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ کیا عبوری چالان پر ٹرائل کورٹ فیصلہ کرسکتی ہے، کوشش کرکے تین ہفتے تک حتمی چالان جمع کروا دیں، اسلامی معاشرے میں ایسے رویوں کی گنجائش نہیں جب کہ جے آئی ٹی قانون کے تمام تقاضے پورے کرے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ اب تک یونیورسٹی انتظامیہ کے کردار کا تعین کیوں نہ ہوسکا جب کہ عدالت نے ملزمان کے اعترافی بیان کے ساتھ شواہد اکٹھے کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت میں موجود مشال خان کے والد اقبال خان نے کہا کہ معاملہ صبح 10 بجے شروع ہوا اور 3 بجے مشال کو قتل کیا گیا، ڈی ایس پی سمیت دیگر پولیس اہلکار وہاں موجود تھے۔ مشال خان کی بہنیں ڈر کے مارے تعلیم جاری نہیں رکھ پا رہیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ بچیوں کو اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں منتقل کرنے کا لائحہ عمل بتائیں، آپ کو انصاف فراہم کرنا ہمارافرض ہے، آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، واقعے کے پیچھے پورا احتجاج ہے، دیکھنا ہے پولیس محرکات کے حوالے سے کیا کارروائی کرتی ہے۔ صوبائی حکومت نے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کی درخواست واپس لے لی جب کہ عدالت نے کیس کی سماعت تین ہفتے کے لئے ملتوی کردی۔

والد مشال خان نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ یونیورسٹی کھولی جائے، طلبا کی زندگی کی ضمانت دی جائے، تعلیم کے راستے میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے اور طالبعلموں کی حفاظت کا بندوبست کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں