ہریانہ کے سابق وزیراعلیٰ نے 82 سال کی عمر میں انٹر کرلیا

اوم پرکاش تہاڑ جیل میں کرپشن کے جرم میں 10 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں جہاں انہوں نے انٹرمیڈیٹ کا امتحان دیا

اوم پرکاش تہاڑ جیل میں کرپشن کے جرم میں 10 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں جہاں انہوں نے انٹرمیڈیٹ کا امتحان دیا، فوٹو؛ پی ٹی آئی

بھارتی ریاست ہریانہ کے سابق وزیراعلیٰ اوم پرکاش چوٹالا نے 82 سال کی عمر میں بلآخر انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 82 سالہ اوم پرکاش ریاست ہریانہ کے سابق وزیراعلیٰ ہیں جن کا تعلق بھارتی جماعت لوک دال پارٹی سے ہے اور وہ سابق ڈپٹی وزیراعظم دیوی لال کے بیٹے ہیں۔


بھارتی میڈیا کے مطابق اوم پرکاش تہاڑ جیل میں کرپشن کے جرم میں 10 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں جہاں انہوں نے جیل سینٹر کے تحت قیدیوں کے لیے بنائے گئے تعلیمی نظام میں فرسٹ ڈویژن سے انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کیا ہے۔ اوم پرکاش کے بیٹے ابھے سنگھ نے بتایا کہ ان کے والد نے جیل میں گزارنے والے وقت کو اپنے لیے بہتر بنانے کا فیصلہ کیا جس کے لیے وہ روزانہ جیل کی لائبریری جاتے اور وہاں اخبارات سمیت اپنی پسند کی کتابیں پڑھتے تھے جب کہ اس دوران انہوں نے ہم سے اپنے کورس کی کتابیں بھی منگوائیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اوم پرکاش کو ان کے بیٹے اور 53 ساتھیوں سمیت 2013 میں ٹرائل کورٹ نے جعلی دستاویزات پر ہزاروں اساتذہ بھرتی کرنے پر سزا سنائی تھی۔
Load Next Story