لاہورعید میلادالنبی ﷺکے موقع پر دفعہ 144 نافذموبائل فون سروس کی معطلی کا بھی فیصلہ

جلوس کے راستوں پر گانے بجانے یا رقص کرنے والے شخص کو فوری طور پر گرفتار کرلیا جائے گا

عید میلاد النبی کے مرکزی جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ، فوٹو: ایکسپریس

ضلعی حکومت نے عید میلادالنبی کے مرکزی جلوسوں کے راستوں میں دفعہ 144 نافذکردی ہے جبکہ شہر میں موبائل فون سروس بھی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق عید میلاد النبی کے مرکزی جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ جلوس میں شامل ہونے والے تمام افراد کو واک تھرو گیٹس سے گزاراجائے گا جبکہ کسی بھی شخص کو گلیوں سے جلوس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی تاہم جلوس کے راستے کی جانب آنے والے راستے خاردار تاروں سے بند کردیئے جائیں گے۔


مسلسل نگرانی کے لئے اضافی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں ، اس کے علاوہ جلوس کے راستوں پر گانے بجانے یا رقص کرنے والے شخص کو فوری طور پر گرفتار کرلیا جائے گا جبکہ شہر بھر کے سینما گھر بھی بند رہیں گے۔

دوسری جانب صوبائی حکومت نے کل صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک شہر بھر میں موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر مینار پاکستان اور اس کے ملحقہ علاقوں میں آج رات سے ہی موبائل فون سروس معطل کردی جائے گی۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ روز سے راولپنڈی میں بھی دفعہ 144 کے نفاذ کے علاوہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔
Load Next Story