نئے صوبوں کے حوالے سے پارلیمانی کمیشن نے ''بہاولپور جنوبی پنجاب'' کے نام سے نیا صوبہ قائم کرنے پر اتفاق کرلیا جبکہ بھکر اور میانوالی کو بھی نئے صوبے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں سینیٹر فرحت اللہ بابر کی زیر صدارت پارلیمانی کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ نے شرکت بھی کی۔ اجلاس سے حکومتی رکن محمود خان ٹوچی نے واک آؤٹ کیا، ان کا کہنا تھا کہ کمیشن میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان کو نمائندگی نہیں دی گئی۔
اجلاس کے دوران سابق وفاقی وزیر عبدالقیوم جتوئی نے تجویز دی کہ نئے صوبے کا نام بہاولپور رکھا جائے جس کا دارالحکومت ملتان اور گورنر ہاؤس بہاولپور میں ہونا چاہئے۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ق) کے سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ پارلیمانی کمیشن میں نئے صوبے نام ''بہاولپور جنوبی پنجاب'' رکھنے پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔