پاکستان کا بھارت کو اگلے ماہ تک موسٹ فیورڈ نیشن کی حیثیت دینے کا امکان

بھارت کو موسٹ فیورڈ نیشن کی حیثیت دینے کے بعد پاک بھارت تجارت کو 6 سے 7 بلین ڈالر تک بڑھانے میں مدد ملے گی۔

وزیر مملکت برائے تجارت عباس خان آفریدی نے کہا کہ حکومت اگلے ماہ تک بھارت کو موسٹ فیورڈ نیشن کی حیثیت دینے کے فیصلے پر قائم ہے۔ فوٹو: فائل

وزیر مملکت برائے تجارت عباس خان آفریدی نے سینیٹ کے اجلاس میں کہا کہ پاکستان اگلے ماہ بھارت کو موسٹ فیورڈ نیشن کی حیثیت دینے کا ارادہ رکھتا ہے جس سے پاک بھارت تجارت کو 6 سے 7 بلین ڈالر تک بڑھانے میں مدد ملے گی۔



پاکستان مسلم لیگ قائد کی سینیٹر نجما حمید کے سوال کے جواب میں عباس خان آفریدی نے کہا کہ حکومت اگلے ماہ تک بھارت کو موسٹ فیورڈ نیشن کی حیثیت دینے کے فیصلے پر قائم ہے اور اس حوالے سے تمام فریقین کو اعتماد میں لیا جائے گا۔


سینیٹر نجما حمید نے اس معاملے میں اب تک ہوئی پیش رفت کے بارے میں سینیٹ کو تفصیلات سے آگاہ کرنے کے بارے میں کہا تو اس کے جواب میں وفاقی وزیر برائے تجارت مخدوم امین فہیم نے کہا کہ اب تک اس حوالے سے مثبت پیش رفت عمل میں آئی ہے۔


مخدوم امین فہیم نے مزید کہا کہ بھارت کو موسٹ فیورڈ نیشن کی حیثیت دینے کے بعد اس کے پاس خطے میں تجارت کے فروغ کو روکنے کا کوئی جواز نہیں بچے گا، انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ بین القوامی سطح پر پاکستان پر الزام دھرتا آیا ہے کہ پاکستان بھارت کو موسٹ فیورڈ نیشن کی حیثیت دینے سے انکار کرتے ہوئے ورلڈ ٹریڈ آرگینازیشن کے معاہدوں پر عملدرآمد نہیں کر رہا۔

Recommended Stories

Load Next Story