پاکستانی ناول نگار انتظار حسین ’’مین بُکر انٹرنیشنل پرائز‘‘ کیلئے حتمی فہرست میں شامل
معروف پاکستانی ناول نگار انتظار حسین کو پانچویں عالمی شہرت یافتہ ایوارڈ ''مین بُکر انٹرنیشنل پرائز'' کے لئے 10 بہترین ناول نگاروں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔
سال کے بہترین ناول نگاروں کی فہرست بھارتی شہر جے پور میں ہونے والے ڈی ایس سی جے لٹریری فیسٹیول میں ''مین بکر پرائز'' کے جج صاحبان کے سربراہ سر کرسٹوفر رکس نے جاری کی جس میں انتظار حسین کے علاوہ بھارت کے یو آر آننتھامرتھی، اسرائیل کے اہارن ایپلفلڈ، امریکا کی لیڈیا ڈیوس اور میریلین روبنسن، چین کے یان لیانکے، فرانس کی میری اینڈیائی، کینیڈا کے جوسپ نوواکووچ، روس کے ولادیمیر سوروکن اور سوئٹزرلینڈ کے پیٹر اسٹام شامل ہیں۔
حتمی فہرست سے منتخب ہونے والے ناول نگار کا اعلان 22 مئی کو لندن کے وکٹوریہ اینڈ البرٹ میوزیم میں کیا جائے گا اور انعام میں 15 ہزار پاؤنڈ دیئے جائیں گے۔
گزشتہ سال ''بکر پرائز'' کا ایوارڈ برطانیہ کی ہیلری مینٹل نے جیتا تھا جو کہ پہلی برطانوی خاتون ہیں جنہوں نے 2 بار یہ ایوارڈ اپنے نام کیا۔