کراچی شیر پاؤ کالونی میں یکے بعد دیگرے 2 دھماکے ڈی ایس پی سمیت 4 افراد جاں بحق

یکے بعد دیگرے 2 بم دھماکوں میں ایس ایچ او سمیت 10 افراد زخمی بھی ہوئے۔

پہلا بم گھی کے کنستر میں رکھا گیا تھا جبکہ دوسرا سیمنٹ کے بلاک میں نصب کیا گیا تھا، پولیس فوٹو: ایکسپریس نیوز

لانڈھی کے علاقے شیر پاؤ کالونی میں یکے بعد دیگرے 2 بم دھماکوں میں ڈی ایس پی قائد آباد کمال خان منگن اور سب انسپکٹر سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ ایس ایچ او قائد آباد امان اللہ مروت سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پہلا دھماکا قائد آباد پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع کچڑے کے ڈھیر میں ہوا جس کی آواز کئی کلو میٹر تک سنائی دی، جیسے ہی پہلے دھماکے کی جگہ کا معائنہ کرنے کے لئے پولیس کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی عین اسی وقت دوسرا دھماکا ہوگیا، دھماکے میں ریسکیو اہلکاروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔


پولیس کے مطابق پہلا بم گھی کے کنستر میں رکھا گیا تھا جبکہ دوسرا سیمنٹ کے بلاک میں نصب کیا گیا تھا جس میں بال بیئرنگ کا استعمال کیا گیا، دھماکوں سے 3 گاڑیاں تباہ ہوگئیں اور ایک پولیس موبائل کو بھی نقصان پہنچا۔

زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جبکہ دھماکوں کے بعد علاقے میں شدید خوف پایا جاتا ہے۔
Load Next Story