کرینہ کپور100کروڑ بجٹ والی فلم میں مرکزی کردار نبھائیں گی بیبو بہترین انتخاب ہےبھنسالی

میگا پراجیکٹ ملے ہیں ، رواں سال رومانوی کرداروں کے ساتھ تھرلر اور ایکشن کردار بھی کررہی ہوں۔


Showbiz Desk January 24, 2013
2013 ذاتی زندگی اور فنی کیریئر کے لئے اہم موڑ ثابت ہورہا ہے، ہر نئے کام میں کچھ رسک بھی ہوتا ہے، کرینہ کپور فوٹو : فائل

بالی وڈ ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی نے سوکروڑ کے بجٹ سے نئی فلم بنانے کا اعلان کیا ہے اس فلم میں اداکارہ کرینہ کپور کو مرکزی کردار میں کاسٹ کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے ،سنجے لیلا کا کہنا ہے کہ آنیوالی اس میگا بجٹ فلم کے لیے بیبو(کرینہ) ہی بہترین انتخاب ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ رواں سال رومانوی کرداروں کے ساتھ تھرلر اور ایکشن کردار بھی کررہی ہوں ۔انھوں نے کہا کہ شادی کے بعد نئی فلمیں ریلیز ہوئیں اور ان کا باکس آفس پر شاندار بزنس رہا ہے ۔میگا بجٹ کی نئی فلمیں بھی بنائی جارہی ہیں جن میں مجھے اہم کردار مل رہے ہیں ان میں ایک فلم میں خاتون صحافی کا کردار بھی ہے یہ فلم روٹین سے ہٹ کر ہوگی۔ اس پر زیادہ محنت کی گئی ہے ۔کرینہ نے کہا کہ شوہر کے ساتھ مکمل ذہنی ہم آہنگی ہے اور ہم ایک دوسرے کو ہر کام پر اعتماد میں بھی لیتے ہیں ۔

انھوں نے کہا کہ 2013 میری ذاتی زندگی اور فنی کیرئیر کے لیے ایک اہم موڑ ثابت ہورہا ہے اس سال بڑے پراجیکٹ کررہی ہوں اور مزید اچھی فلمیں سائن کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور نے ایک ٹرویو کے دوران بتایا کہ2000 میں فلم ''رفیوجی ''سے لے کر اب تک مختلف کردار نبھائے اور ہر کردار کو مختلف انداز میں کرکے شائقین کے دل جیتے ہیں ۔مداحوں کی محبت نے ہی مجھے اتنا زیادہ کام کرنے پر مجبور کیا ہے اور میں آج بھی تازہ دم نئی فلموں کے لیے کام کررہی ہوں۔

کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ ہر نئے کردار کو سائن کرتے وقت کچھ رسک بھی لینا پڑتا ہے ہر نئے کام میں رسک تو پھر ہوتا ہی ہے اور میں نے اپنے کیرئیر کے دوران شائد سب سے زیادہ رسک لیے ۔32 سالہ اداکارہ کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ نئی فلم ''دبنگ ٹو ''کے لیے آئٹم سانگ بھی پرستاروں کی خوشی کے لیے کیا ۔اس کے بعد اب 2013 میں ریلیز ہونے والی نئی فلم میںخاتون جرنلسٹ کا کردار نبھارہی ہوں اس سے قبل بھی ٹی وی رپورٹر کا کردار نبھایا ہے تاہم اس فلم میں لیڈنگ لیڈی رول میں جلوہ گر ہونگی۔



کرینہ کپور نے کہا ہے کہ شادی کے بعد اپنی روٹین کی شوبز سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہوں ،سیف علی خان کے ساتھ بہت خوش ہوں ۔21 ستمبر 1980 کو کپور خاندان کے اہم اداکار رندھیر کپور اور ببیتا کے گھر میں پیدا ہونے والی کرینہ کو پیار سے بیبو بھی کہا جاتا ہے۔ کرینہ بھارت کے نامور فلمساز و اداکار راج کپور کی پوتی ہیں ،رشی کپور ان کے چچا ہیں۔ کرشمہ کپور بڑی بہن ہیں۔ کرینہ کا کہنا ہے کہ وہ بچپن سے ہی فلموں کی دلدادہ رہی ہیں ،نرگس اور مینا کماری کی فلمیں بڑے شوق سے دیکھیں اور ان کی زبردست مداح بھی ہیں ۔اداکارہ نے گریجوایشن کے بعد کامرس کے مضمون رکھ لیا اور دو سال پڑھنے کے بعد لاء کالج میں قانون کی تعلیم حاصل کرنے لگیں ،اور ایک سال لاء پڑھنے کے بعد فیصلہ کیا کہ اداکاری کرنے کے منصوبے پر عمل کرنا ضروری ہے۔

کرینہ کپور نے اندھیری ایکٹنگ انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لے کر اداکاری سیکھنا شروع کردی ۔واضح رہے کہ اداکارہ کی 2000 ئمیں پہلی فلم'' رفیوجی ''ریلیز ہوئی جس میں انھوں نے اپنی بہترین پرفارمنس پر فلم فیئر ایوارڈ جیتا ۔2001 میں فلم ''مجھے کچھ کہنا ہے''، ''یادیں ''،''اجنبی ''،''اشوکا''،''کبھی خوشی کبھی غم'' 2002 میں فلم ''مجھ سے دوستی کروگی ''،''جینا صرف میرے لیے ''2003 میں فلم ''تلاش''، ''میں پریم کی دیوانی ہوں ''،''ایل اوسی کارگل'' 2004 میں ''چمیلی''، ''یوو''، ''فدا''، ''اعتراض ''، ''ہلچل''2005 میں فلم ''بے وفا''، ''کیونکہ''،''دوستی ''جب کہ 2006 میں فلم ''36 چائنا ٹائون''،''چپکے چپکے''،''اومکارا''اور فلم ''ڈان'' میں پرفارم کیا۔

2007 کے دوران فلم ''کیا لو اسٹوری ہے''،''جب وی میٹ''میں کام کیا، 2008 میں فلم ''ہلہ بول''،''تلاش''،''روڈ سائیڈ رومیو''اور فلم ''گول مال ریٹرنز''میں اداکاری کے جوہر دکھائے ۔2009میں فلم ''لک بائی چانس''،''بلیو''،''کمبخت عشق''اور فلم ''تھری ایڈیٹس''میں فن کا جادو جگایا ۔2010 میں فلم''ملیں گے ملیں گے''،''وی آر فیملی '' اور ''گول مال تھری''میں صلاحیتوں کا اظہار کیا ۔2011 میں فلم ''باڈی گارڈ''،''را۔ون''میں عمدہ کام کرکے داد پائی ، 2012 میں اداکارہ کرینہ کپور نے فلم''اک میں اور اک تو''،''رائوڈی راٹھور''،''ہیروئن ''، ''ایجنٹ ونود''اور ''تلاش ''فلم میں جلوہ گرہوئیں۔ادھر کرینہ کپور دوسری بار عمران خان کی ہیروئن بنیں گی ،کرن جوہر کی فلم ''گوری تیرے پیار میں''کے ہدایتکار پنت ملہوترا ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں