شمالی کوریا کا ایک اور میزائل تجربہ

شمالی کوریا نے میزائل تجربہ کرکے غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا، جنوبی کوریا

شمالی کوریا نے میزائل تجربہ کرکے غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا، جنوبی کوریا- فوٹو: رائٹرز

جنوبی کوریا کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا نے ایک اور میزائل کا تجربہ کیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ شمالی کوریا نے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے ایک اور میزائل کا تجربہ کیا ہے۔ جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے کہا کہ شمالی کوریا کی جانب سے داغے گئے میزائل نے 560 کلو میٹر تک بحیرہ جاپان میں سفر کیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ شمالی کوریا کا ایک اور بلیسٹک میزائل کا تجربہ


جنوبی کوریا کے وزارت خارجہ نے میزائل تجربے پر رد عمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا نے میزائل تجربہ کرکے غیرذمہ داری کا ثبوت دیا ہے دوسری جانب جاپانی خبررساں ادارے کے مطابق میزائل ممکنہ طور پر جاپانی پانیوں میں گرا جس پر شمالی کوریا سے شدید احتجاج کیا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ امریکی صدر نے شمالی کوریا کا میزائل تجربہ ناکام قرار دیدیا

وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اس بار تجربہ کیے گئے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کی رینج پچھلے 3 تجربات کے میزائلوں سے کم تھی۔ ادھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بھی شمالی کوریا سے مزید میزائل تجربے نہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن اس کے باوجود شمالی کوریا نے میزائل تجربات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے شمالی کوریا نے گزشتہ ہفتے جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے میزائل تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا جسے امریکا کی جانب سے رد کردیا گیا تھا۔
Load Next Story