کسی کو شہر کا امن تباہ نہیں کرنے دیں گے ڈپٹی کمشنر میرپورخاص

علماء کرا م مذہبی تقریبات میں نظم و ضبط اور ہم آہنگی کا مظاہر ہ کریں

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 12ربیع الاول کے سلسلے میں تمام مذہبی جماعتوں کے پروگراموں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ فوٹو: فائل

ڈپٹی کمشنر ندیم الرحمان میمن نے کہا ہے کہ میرپورخاص شہر ہمیشہ امن کا گہوارہ رہا ہے اور ضلعی انتظامیہ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دے گی۔

یہ بات انہوں نے دربار ہال میں مذہبی جماعتوں کے مابین کشیدگی کے پیش نظر ضلعی امن کمیٹی، پولیس اور تاجر برادری کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں مفتی شریف سعیدی، مولانا صادق سعیدی، مولانا التماس صابر، حافظ حفیظ الرحمٰن فیض، مولانا شبیر کرنالوی اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے میرپورخاص شہر میں مذہبی کشیدگی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تمام مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور امن کمیٹی کے اراکین سے اپیل کی کہ وہ مذہبی تقریبات میں نظم و ضبط اور ہم آہنگی کا مظاہر ہ کریں اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھیں۔

انہوں نے ایس ایس پی فاروق جمالی کو ہدایت کی کہ جو بھی امن وامان کی صورتحال کو خراب کرنے کی کوشش کرے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ 12ربیع الاول کے سلسلے میں تمام مذہبی جماعتوں کے پروگراموں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اور پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز بھی مقر ر کی جائے گی۔




اس موقع پر ایس ایس پی فاروق جمالی نے کہا کہ محکمہ پولیس نے سیکورٹی کے حوالے سے کانٹیجنسی پلان بنایا ہے اور 12ربیع الاول کے سلسلے میں ہونے والے تمام مذہبی پروگراموں میں پولیس اہلکار مقرر کیے جائیں گے اور تمام جلوسوں کو پر امن طور پر مقررہ راستوں سے گزارا جائے گا۔

انہوں نے میرپورخاص میں پیش آنے والے واقعے کی مذمت کی اور اس سلسلے میں ایس پی ہیڈکوارٹر کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جس میں دو ڈی ایس پییز اور ایس ایچ اوز بھی شامل ہیں اور ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے فوری کارروائی کا حکم دیا۔ قبل ازیں مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام اور تاجر برادری نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ مذہبی کشیدگی کے حوالے سے غیر جانبدار کمیٹی بناکر ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ تمام مذہبی جماعتوں کے نمائندگان نے امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
Load Next Story