انضمام سے رابطہ نہ کرنے کی بات درست نہیں چیئرمین

ایک طرح سے معاہدہ طے بھی پاگیا تھا مگر حتمی شکل نہ دی جاسکی، ذکااشرف کا دعویٰ

ایک طرح سے معاہدہ طے بھی پاگیا تھا مگر حتمی شکل نہ دی جاسکی، ذکااشرف کا دعویٰ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکا اشرف نے کہا ہے کہ بطور بیٹنگ کوچ تقرری کیلیے انضمام الحق سے رابطہ نہ کرنے کی اطلاعات درست نہیں، سابق کپتان کی خدمات حاصل کرنا چاہتے تھے مگر معاملات طے نہیں ہوسکے۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت سے قبل انضمام الحق نے بیٹنگ کنسلٹنٹ کی ذمہ داریاں نبھائیں،ایسے میں کپتان، کھلاڑیوں اور بورڈ کی طرف مسلسل بیانات سامنے آئے کہ ان کی رہنمائی تکنیک درست کرنے کے ساتھ دبائو سے بھرپور میچز میں کھیلنے کیلیے حوصلہ بڑھانے کا ذریعہ بھی بنی،توقع کی جارہی تھی کہ دورئہ جنوبی افریقہ کیلیے بھی انضمام الحق کی خدمات حاصل کی جائیں گی مگر حیران کن طور پر انھیں نظر انداز کردیا گیا۔

اس حوالے سے ایک انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے کہا کہ سابق کپتان نے کیریئر میں ملک کے لیے بڑی خدمات انجام دی ہیں، ہم نے انھیں بھارت کیخلاف سیریز سے قبل کام کرنے کا موقع دیا تو انھوں نے ٹی وی چینل سے معاہدہ کرلیا۔




وطن واپسی پر بورڈ کی کمیٹی نے ان سے بات کی مگر فریقین میں شرائط پر اتفاق نہ ہوسکا، انضمام کا یہ کہنا درست نہیں کہ ان سے کسی نے رابطہ ہی نہیں کیا، درحقیقت ایک طرح سے معاہدہ طے بھی پاگیا تھا مگر حتمی شکل نہ دی جاسکی۔

ذکا اشرف نے ایک بار پھر واضح کیا کہ وقار یونس کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا ڈائریکٹر نہیں بنایا جارہا، اسامی خالی ہے مگر تاحال کسی کی تقرری کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔رواں ماہ پی سی بی ایوارڈز میں مصباح الحق کو یکسر نظر انداز کرنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ بیٹسمین نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد عمدگی سے ٹیم کی قیادت کا فریضہ نبھایا مگر اس کیٹیگری میں ان کا کوئی مقابل نہ ہونے کی وجہ سے ایوارڈ نہیں دیا جاسکتا تھا۔
Load Next Story