پی آئی اے کی اسلام آباد سے لندن جانے والی پرواز سے 20 کلو ہیروئن برآمد

پی آئی اے کی کچن کیٹرنگ اور انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے 5 ملازمین کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔


ویب ڈیسک May 22, 2017
کارروائی کے دوران 5 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جن کا تعلق کیٹرنگ کے عملے سے ہے،فوٹو:فائل

HYDERABAD: پی آئی اے کی لندن جانے والی پرواز سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد کرلی گئی ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد کے بے ںظیرانٹرنیشنل ایئر پورٹ سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 785 لندن روانگی کے لیئے تیار ہی تھی کہ اینٹی نارکوٹکس فورس اورایئر پورٹ سیکیورٹی فورس نے ہنگامی طور پر کارروائی کرتے ہوئے جہاز کو روک لیا۔ متعلقہ اداروں اور انجینیئرز نے جہاز کی اسکیننگ کی تو کیٹنرنگ کے سامان میں چھپائی گئی 20 کلو ہیروئین برآمد ہوئی جس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : لندن میں پی آئی اے کے طیارے سے ہیروئن برآمد

شک کے بنیاد پر پی آئی اے کی کچن کیٹرنگ اور انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے پانچ ملازمین کوبھی حراست میں لے لیا ہے جب کہ مکمل تلاشی کے بعد جہاز دو گھنٹے لیٹ لندن کے لئے روانہ ہوا اور ایڈیشنل آئی جی پنجاب حسین اصغر کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم بنا کر کام شروع ہو چکا ہے۔ ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ صبح ساڑھے 10 بجے پیرس سے اسلام آباد پہنچا تھا اور اب وہ لندن جارہا تھا، وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کو بھی اسی پرواز پر لندن جانا تھا۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق لندن منشیات فروشوں کے لئے سب سے بڑی مارکیٹ سمجھی جاتی ہے جہاں منشیات کی 4 گنا قیمت ملتی ہے تاہم ائیر پورٹ سیکورٹی فورس، کسٹم اور ایف آئی اے سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکینرز کی موجودگی میں اتنی بھاری مقدار میں منشیات پی آئی اے کے جہاز تک پہنچنا بھی کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پی آئی اے کے طیارے سے 15 کلو ہیروئن برآمد

پی آئی اے کی لاجواب سروس کی یہ کوئی پہلی مثال نہیں بلکہ اس سے پہلے کراچی ایئر پورٹ پر پارکنگ میں کھڑے جہاز سے کروڑوں روپے کی ہیروئن ملی تھی۔ اسی طرح اٹلی ایئر پورٹ پر پی آئی اے کی پرواز سے منشیات برآمد ہوئیں تھی۔ امریکا جانے والی ایک پرواز سے بھی سونا پکڑا گیا تھا جو ایک ایئر ہوسٹس لے کر جارہی تھی۔

چند روز پہلے پی آئی اے کے عاشق مزاج پائلٹ نے ایک چینی لڑکی کو کاک پٹ کی سیر کرائی، طیارے میں سوار مسافروں کی جان کی پرواہ کئے بغیر کپتان، چینی شہری کو اڑان کے گر سکھاتا رہا جب کہ اسی سال پی آئی اے کی ایئر ہوسٹس اور دوسرا عملہ لندن سے ہی لاکھوں روپے کے قیمتی موبائل لایا جو لاہور ایئر پورٹ پر کسٹم حکام نے پکڑ لئے اور جرم ثابت ہونے پر ایئر ہوسٹس کو ملازمت سے نکال دیا گیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل بھی پی آئی اے کے طیارے کو لندن کے ہیتھروایئرپورٹ پرروک لیا گیا تھا اور لندن کرائم ایجنسی نے طیارے سے ہیروئن کی برآمدگی کا دعویٰ کیا تھا جس کے بعد دنیا بھر میں قومی ایئر لائن کی بدنامی ہوئی تھی جس کے بعد منشیات اسمگلرز نے ایک بار پھر ویسی ہی مذموم کوشش کی جسے متعلقہ اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنادیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |