12ربیع الاول پر سخت حفاظتی انتظامات مرکزی جلوس بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوگا

نشتر پارک میں مرکزی جلسہ ہوگا، علما خطاب کرینگے،جلوس کے راستوں پر استقبالیہ اور میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے

عید میلادالنبی ؐ کے سلسلے میں شہر بھر میں سجاوٹ کا سلسلہ جاری ہے ،زیر نظر تصویر میںشاہ فیصل کالونی کی ایک گلی کو برقی قمقموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی میں 12ربیع الاول کا مرکزی جلوس نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوگا جبکہ شہر کے دیگر علاقوں سے بھی جلوس نکالے جائیں گے۔

مرکزی جلوس نشتر پارک میں اختتام پذیر ہوگا جس کے بعد جلسہ5 بجے شام شروع ہوگا جس سے قائدین خطاب کریں گے، ادھر انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے 12ربیع الاول کے حوالے سے سخت حفاظتی انتظامات کرلیے ہیں، شیرپائو کالونی میں دھماکے کے بعدسیکیورٹی انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں، مرکزی جلوس کی کلوز سرکٹ کیمروں سے نگرانی کی جائے گی، جلوس میں اسلحہ لیکر چلنے پر پابندی ہوگی۔

اونچی عمارتوں میں ماہر نشانہ باز تعینات کیے جائیں گے جبکہ ٹریفک پولیس نے بھی جلوسوں کے حوالے سے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلیے متبادل انتظامات کیے ہیں، اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے،تفصیلات کے مطابق عید میلادالنبیؐ کے سلسلے میں 12ربیع الاول کا مرکزی جلوس جمعہ کی سہ پہر3 بجے نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے برآمد ہوگا، علامہ شاہ تراب الحق قادری، علامہ کوکب نورانی ودیگر جلوس کی قیادت کریں گے، جلسہ عید میلاد النبیؐ 5 بجے شام نشتر پارک میں شروع ہوگا۔

جماعت اہلسنّت کے قائدین علامہ شاہ تراب الحق قادری ،علامہ کوکب نو رانی ،حاجی حنیف طیب ،مولانا ابرار احمد رحمانی ،مولانا خلیل الرحمن چشتی ،صوفی حسین لاکھانی ،عبد الحفیظ معارفی ،مولانا ناصرخان ترابی اورمولانا الطاف قادری نے کہا ہے کہ میلا د کے تمام جلوس روایتی روٹ پر نکلیں گے جس میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی، قائدین اہلسنّت نے عوام سے اپیل کی کہ عید میلادالنبیؐ کے مرکزی جلو س کے استقبال کیلیے خواتین اور بچے کھڑے نہ ہوں،تمام شرکائے جلوس انتظامیہ اور رضاکاروں سے مکمل تعاون کریں، جما عت اہلسنّت کے تحت شہر بھر کے عید میلاد النبیؐ کے جلو س شیر شاہ، بکرا پیڑی، دریا آباد اور لیاری ،کھارادر ،جوبلی، الانہ مسجد ، رنچھوڑ لائن، جناح مسجد برنس روڈ ، ناظم آباد ، گلبہار، لسبیلہ اور گارڈن کے جلوس پٹیل پاڑہ سے ہوتے ہوئے ایم اے جناح روڈ پر آئیں گے۔




فیڈرل بی ایریا ، لیاقت آبادا ور نیو کراچی کے جلوس براستہ تین ہٹی، جہانگیر روڈ سے ہوتے ہوئے نشتر پارک پہنچیں گے،ملیر، سعود آباد اور کھوکھرا پار کے جلوس شارع فیصل سے ہوتے ہوئے نشتر پارک پہنچیں گے جبکہ گلشن حدید اسٹیل ٹائون، میمن گوٹھ، صالح محمد گوٹھ ، شاہ فیصل کالونی کے جلوس بھی براستہ شارع فیصل اورشارع قائدین نشتر پارک پہنچیں گے ،لانڈھی اور کورنگی ،اورنگی ٹائون اور بلدیہ کے جلوس علاقے کا گشت مکمل کر کے وہیں جلسہ عام کی صورت اختیار کرلیں گے، جلوس کے راستوں میں مذہبی ، تبلیغی، سیاسی ، سماجی ،فلاحی جماعتو ں اور انجمنوں کے استقبالیہ اور میڈیکل کیمپ لگا ئے جا ئیں گے۔

ملک بھر کی مساجد ،مدارس ،مزارات بزرگان دین اور خانقاہوں میںقرآن خوانی ، ختم آیت کریمہ ،قل شریف ،ختم درود شریف ،محافل کا اہتمام کیا جائے گا،علاوہ ازیں پولیس نے12ربیع الاول کے مرکزی جلوس سمیت دیگر جلسوں کی حفاظت اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام تر اقدامات مکمل کرلیے ہیں اور بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے، اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کردیے گئے جبکہ کلوز سرکٹ کیمروں کی مدد سے بھی نگرانی کی جائے گی ، جلوس میں صرف اسٹیکر لگی گاڑیوں کو ہی داخلے کی اجازت ہوگی ، سیکیورٹی پلان کے مطابق جلوس میں اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی عائد ہے۔

دریں اثناء ٹریفک پولیس نے 12 ربیع الاول کے جلوس کے سلسلے میں ٹریفک کے متبادل انتظامات مکمل کرلیے،مرکزی جلوس برآمد ہوتے ہی ہر قسم کی ٹریفک کو لی مارکیٹ، آگرہ تاج کالونی ، جی الانہ روڈ اور کھارادر کی جانب سے ککری گرائونڈ آنے کی اجازت نہیں دی جائے اور ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب بھیج دیا جائے گا، اس کے علاوہ جو ٹریفک کیماڑی کی جانب سے براستہ نیٹی جیٹی پل ٹاور کی جانب سے آئے گا اسے بھی جلوس کی جانب نہیں جانے دیا جائے اور متبادل راستوں کی جانب گاڑیاں روانہ کردی جائیں گی۔

ٹریفک پولیس حکام کے مطابق جلوس کی گزرگاہ میں جو بھی شاہراہیں اور لنک روڈ ہیں انھیں مکمل طور پر بند کردیا جائے گا تاکہ ان راستوں سے آنے والی گاڑیوں کے باعث جلوس میں کوئی خلل واقع نہ ہوسکے،صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے 12ربیع الاول کے موقع پر کراچی سمیت سندھ بھرکے اسپتالوں میںکسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی نافذکردی ہے،ا نھوںنے کہاہے کہ تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں و دیگر اسٹاف کی موجودگی اور تمام ضروری ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بیایاگیا ہے ، اس سلسلے میںسرکاری اسپتالوں کوتمام احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story