آسٹریلین اوپن ٹینس ماریا شراپوا سیمی فائنل میں ہمت ہار گئیں

چین کی لینا نے پچھاڑ کر فائنل میں سیٹ بک کرلی، ٹائٹل کے لیے وکٹوریہ آذرنیکا سے ٹکراؤ ہوگا۔


AFP January 25, 2013
آسٹریلین اوپن: شکست کو سامنے دیکھ کر روسی اسٹار ماریا شراپووا کے چہرے پر ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں، عقب میں چینی کھلاڑی لینا موجود۔ فوٹو : اے ایف پی

آسٹریلن اوپن میں ماریا شراپووا سیمی فائنل میں ہمت ہار گئیں۔

چین کی لینا نے انھیں پچھاڑ کر فائنل میں سیٹ بک کرلی، گرینڈ سلم ٹائٹل کیلیے ان کا دفاعی چیمپئن وکٹوریہ آذرنیکا سے ٹکرائو ہوگا، سرینا ولیمز کو اپ سیٹ شکست دینے والی سلون اسٹیفنز کے بڑے خواب بھی چکنا چور ہوگئے، مینز سنگلز میں نووک جوکووک آسٹریلین اعزاز کی ہیٹ ٹرک سے صرف ایک فتح کے فاصلے پر ہیں، سیمی فائنل میں انھوں نے ڈیوڈ فیرر کوزیر کیا، دوسرے فائنلسٹ کا فیصلہ کرنے کیلیے راجر فیڈرر اور اینڈی مرے کا معرکہ جمعے کو ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق روسی ٹینس اسٹار ماریا شراپوواآسٹریلین اوپن کا شاندار آغاز کرتے ہوئے صرف 9 گیمز ڈراپ کرکے سیمی فائنل میں پہنچیں جو ایک ریکارڈ ہے، عمدہ پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے انھیں ٹائٹل کیلیے فیورٹ قرار دیا جارہا تھا مگر سیمی فائنل میں چین کی اسٹار پلیئر لینا نے فتوحات کا سلسلہ ختم کر دیا، انھوں نے یہ معرکہ 6-2، 6-2 سے باآسانی جیت لیا، ورلڈ نمبر 6 چینی پلیئردوسری مرتبہ فائنل میں پہنچیں اس سے قبل 2011 میں انھیں بیلجیئم کی کم کلسٹر نے شکست دی تھی، دلچسپ بات یہ ہے کہ گذشتہ برس بھی وہ کلسٹر کے ہاتھوں مات کی وجہ سے ایونٹ سے باہر ہوئی تھیں۔



بیلجیئن اسٹار گذشتہ برس یو ایس اوپن کے موقع پر ریٹائر ہو چکی ہیں۔ لینا کے پاس اب 2011 کے تاریخی فرنچ اوپن کرائون کے بعد ایک اور میگا ٹائٹل جیتنے کا سنہری موقع موجود ہے، مگر اس کے لیے انھیں دفاعی چیمپئن بیلاروسی اسٹار وکٹوریہ آذرنیکا کوہرانا ہوگا، آذرنیکا نے سیمی فائنل میں سلون اسٹیفنز کو 6-1 اور 6-4 سے زیر کیا، نوجوان امریکی پلیئر نے جمعرات کے روز اپنی ہموطن سرینا ولیمز کو اپ سیٹ شکست دی تھی،اب ویمنز سنگل ٹائٹل کیلیے وکٹوریہ آذرنیکا اور لینا میں مقابلہ ہوگا۔

دوسری جانب مینز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن نووک جوکووک نے ڈیوڈ فیرر کو ایک گھنٹے اور 29 منٹ میں 6-2، 6-2 اور 6-1 سے پچھاڑ دیا،اب وہ مجموعی طور پر چوتھے اور لگاتار تیسرے آسٹریلین اوپن ٹائٹل پر نگاہیں جمائے ہوئے ہیں، اگر جوکووک اتوار کا مقابلہ جیت گئے تو 1960 کی دہائی کے بعد آسٹریلوی ٹائٹلز کی ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے پلیئر بن جائیں گے۔

ان کا فائنل میں مقابلہ راجر فیڈرر یا اینڈی مرے میں سے کسی ایک کے ساتھ ہوگا، یہ دونوں جمعے کو آمنے سامنے ہوں گے۔ جوکووک نے کہا کہ میں بہت زیادہ ٹینس کھیل کر اس مقام تک پہنچا ہوں، سیمی فائنل کے آغاز سے ہی پورے اعتماد سے فیرر کا سامنا کیا اور فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |