عید میلاد النبیکئی شہروں میں آج موبائل سروس بند ڈبل سواری پر پابندی

کراچی، حیدر آباد ، خیرپور، لاہور، کوئٹہ،سمیت15 شہروں میں صبح 8تا رات 10 بجے موبائل سروس بند رہے گی


Numaindgan Express January 25, 2013
جلوس نکالے جائینگے، صدر، وزیراعظم ،نواز شریف، عمران خان ، الطاف حسین اوردیگرکی جشن میلاد النبیؐ پر قوم کو مبارکباد . فوٹو پی پی آئی

کراچی،لاہور،اسلام آباد سمیت پورے پاکستان اور دنیا بھرمیں جشن میلاد النبیؐ آج انتہائی مذہبی عقیدت واحترام کے ساتھ منایا جائے گا۔

عید میلاد النبی کے موقع پرجمعے کوکراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میںصبح 8تا رات 10 بجے موبائل فون سروس بند رہے گی جبکہ کراچی، حیدرآباد اور سندھ کے کئی شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی رہے گی۔سعوی عرب سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں نے جمعرات کو عید میلاد النبی منائی، ماسکو اور چیچن ری پبلک کے دارالحکومت گروزنی میں بھی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

صدرآصف زرداری ،وزیراعظم راجا پرویز اشرف، نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی،ن لیگ کے صدر نوازشریف،ق لیگ کے صدر سینیٹر چوہدری شجاعت حسین،ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان،تحریک منہاج القرآن کے سرپرست ڈاکٹر طاہرالقادری، گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ،گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود، پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر اور وفاقی وزیر میاں منظوراحمد وٹو نے اپنے الگ الگ پیغامات میں تمام مسلمانوں کو عید میلادالنبی پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے نبی اکرمؐ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔

دریں اثنا محکمہ داخلہ سندھ نے دفعہ 144 کے تحت آج (جمعہ) موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائدکردی ہے، محکمہ داخلہ کے مطابق آج صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد رہے گی، پابندی سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار،خواتین ، بچے ، معمرافراد اور صحافی مستثنیٰ ہوں گے،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں وزیر اعلی قائم علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے 12ربیع الاول کے سلسلے میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے ہیں اورتمام متعلقہ اداروں کے ذمے داروں کے لیے الرٹ کردیاہے۔

6

قائم علی شاہ نے انتظامیہ پر زور دیا کہ سماج دشمن عناصر، ملک دشمن قوتوں اور دہشت گردوں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ صوبے بھر میں کوئی ناخوشگوارواقعہ رونما نہ ہو۔ملک میں جمعرات کوجشن میلاد النبیؐ کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں ،مسلمانوں نے مساجد، گلی، محلوں اور گھروں کوخوبصورت انداز میں سجا دیا ہے، رات کو لائٹنگ اورچراغاں کا اہتمام کیا گیا، آج ملک بھر میں جلوس نکالے جائیں گے اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائے گا، وفاقی اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں سیرت کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی۔

مزید برآں سیکیورٹی خدشات کے باعث 15 شہروں میں صبح 8 سے لے کر رات 10 بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی، صوبہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کی حکومت نے موبائل فون سروس کی معطلی کے لیے وفاقی وزارت داخلہ کو درخواستیں دی ہیں، پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور، راولپنڈی، جھنگ، سرگودھا، بھکر، شیخو پورہ، چکوال، ملتان، چنیوٹ، بہاولپور، لودھراں اور لیہ، سندھ میں کراچی، حیدر آباد اور خیرپور جبکہ بلوچستان میں کوئٹہ، سبی اور ڈیرہ الہ یار میں موبائل فون سرورس بند کرنے کی درخواستیں دی گئی تھیں۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے کراچی ، حیدرآباد، سکھر، جامشورواورخیرپور میں ایک دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کرکے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائد کردی ہے۔ لاہور ریجن کی تمام جیلوں میں عید میلادالنبی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی۔جمعرات کو بھی میلاد النبیؐ کے حوالے سے جلوس نکالے گئے، لاہور میں داتا دربار سے ریگل چوک تک مشعل بردار جلوس نکالا گیا۔ ملتان میں عید میلادالنبیؐ کی خوشی میں آستانہ عالیہ حضرت چادر والی سرکار کے دربار پر 5000 پائونڈ وزنی کیک کاٹا گیا، پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے کیک کو دیکھنے کے لیے دوردراز سے لوگ آتے رہے، کیک میں 6 ہزار انڈے' 685 کلو دیسی گھی' 520 کلو میدہ' 430 کلو چینی' سیب' گاجر کے مربے و دیگر اشیا ڈالی گئیں۔

دریں اثنا صدر زرداری نے کہا کہ آج کی دنیا کو تعلیمات نبویؐ سے حقیقی معنوں میں روشناس کرانے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ راجا پرویز اشرف نے کہاہے کہ عوام اسوۂ رسولؐ کی پیروی کرتے ہوئے اپنی صفوں میں اتحادو اتفاق اور یکجہتی قا ئم کریں۔ نوازشریف نے کہا کہ اسوہ رسولؐ پر عمل کرکے ہی ہم عدل وانصاف اور رواداری پر مبنی معاشرہ قائم کرسکتے ہیں۔الطاف حسین نے کہا کہ نبی ؐ کی امت ہونے کے ناطے ہم ایک دوسرے کی جان ومال اورعزت وآبرو کا تحفظ کریںاورہرقسم کی نفرت وتعصبات کاخاتمہ کریں۔

چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویزالٰہی نے کہاکہ اسوہ حسنہؐ پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے ہم آج نجی اور اجتماعی زندگی میں گوناگوں مسائل سے دوچار ہیں، عمران خان نے عوام پر زور دیا کہ وہ نبی پاکؐکے پیروکار ہوتے ہوئے ملکی ترقی وخوشحالی کے لیے انفرادی اور اجتماعی طور پراپنے کردار اور ذمے داریوں کونبھائیں۔ڈاکٹرعشرت العبا د اور قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا جس میں انسان کی عزت وتکریم اور جان و مال کی حفاظت کی مکمل ضمانت موجود ہے۔ مخدوم احمد محمود نے کہا ہے کہ ہدیہ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو آپؐ کے اسوہ حسنہ کے مطابق ڈھالیں۔

طاہرالقادری نے کہا کہ دنیا کو امن، سلامتی، محبت، برداشت اور احترام انسانیت کا پیغام دیاجائے۔میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ ہمیںدرگذر اور صلح جوئی کے مسنون زریں اصولوں کواپنانا ہوگا۔علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے جشن ولادت مصطفیٰؐ پر دہشتگردی کے خدشے کے پیش نظرسیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں،سیکریٹری داخلہ شاہد خان نے بتایا کہ پنجاب کے 25 اضلاع کو حساس قرار دیا گیا ہے، لاہور سمیت 9 اضلاع انتہائی حساس ہیں، آج صوبے میں ریڈ الرٹ ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں