8 بھارتی اداکاروں کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

مقامی صحافی نے تامل اداکاروں کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا


ویب ڈیسک May 23, 2017
مقامی صحافی نے تامل اداکاروں کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا۔ فوٹو: فائل

بھارتی ریاست تامل ناڈو کی ایک عدالت نے ہتک عزت کیس میں پیش نہ ہونے پر 8 تامل اداکاروں کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2009 میں ساؤتھ انڈین اداکاروں کی تنظیم نے ایک پریس کانفرنس میں مقامی اخبار میں چھپے ایک آرٹیکل کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس پر ایک صحافی نے بھارتی ریاست تامل ناڈو کے شہر اوٹے کی عدالت میں 8 تامل اداکاروں کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کردیا جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ ان اداکاروں کی جانب سے صرف آرٹیکل لکھنے والے صحافی نہیں بلکہ تمام صحافیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

2011 میں عدالت نے آٹھوں اداکاروں سوریا، ستھیا راج، سراتھ کمار، سری پریا، وجے کمار، ارون وجے، وویک اور چرن کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ، اداکاروں نے مدراس ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی جس میں انہوں نے اوٹے کی عدالت میں پیش ہونے سے استثنیٰ مانگا تاہم عدالت نے ان کی درخواست مسترد کردی۔ چند روز قبل کیس کی سماعت کا دوبارہ آغاز ہوا تو عدالت میں پیش نہ ہونے پر ان کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں