سرحدوں پر کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیں گے سربراہ پاک فوج

سیکیورٹی فورسز اور عوام نے امن کیلیے بے شمار قربانیاں دیں، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ


ویب ڈیسک May 23, 2017
سیکیورٹی فورسزکی ان گنت قربانیوں کے بعد استحکام حاصل ہوا آرمی چیف ۔ فوٹو: فائل

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور عوام نے امن کے لیے بے شمار قربانیاں دیں جب کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ پر امن تعلقات چاہتے ہیں تاہم سرحدوں پر کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 75ویں سالانہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں شرکا کو جیواسٹریٹیجک صورتحال، آپریشن ردالفساد میں پیشرفت پربریفنگ دی گئی جب کہ کانفرنس میں روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں اور قومی سلامتی سے متعلق امورپر بھی بریفنگ دی گئی۔ ترجمان کے مطابق کانفرنس میں سی پیک اورسی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی پربھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں سی پیک منصوبے پر بروقت پیشرفت کے لیے مزید محفوظ ماحول پر توجہ دینے پر زور دیا گیا جب کہ بلوچستان کی بہتر ہوتی ہوئی صورتحال پر بھی غورکیا گیا، شرکا نے بلوچستان کے استحکام وترقی کے لیے بامقصد کردارجاری رکھنے کےعزم کا اعادہ کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق کانفرنس میں پاک افغان بارڈر پر بہتر انتظامات کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ، شرکا نے فوج کی سطح پر کیے گئے اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سرحدوں کا ہر حال میں تحفظ کیا جائے گا اور قیام امن تک کراچی، پنجاب سمیت ہر جگہ پر آپریشن جاری رہے گا۔ فارمیشن کمانڈرز نے فاٹا کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور اس بات پر زور دیا کہ فاٹا اصلاحات عوام کی خواہشات کے مطابق ہونی چاہیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور عوام نے امن کے لیے بے شمار قربانیاں دیں جب کہ سیکیورٹی فورسزکی ان گنت قربانیوں کے بعد استحکام حاصل ہوا اور پرامن پاکستان کے حصول کے لیے قوم کی مدد سے ان کامیابیوں کو مستحکم کریں گے۔ جنرل قمر باوجوہ نے مشرقی و مغربی محاذوں پراگلے مورچوں کے دوروں کا حوالہ دیتے ہوئے حالیہ سرحدی، سیزفائرخلاف ورزیوں کا جواب دینے پرفوج کی بروقت کارروائیوں کو سراہا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ پر امن تعلقات چاہتے ہیں تاہم سرحدوں پر کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں