مانچسٹرمیں خود کش حملہ کرنے والے کا نام سلمان عبیدی ہے برطانوی پولیس

خود کش حملہ آور مانچسٹر میں مقیم تھا جب کہ اس کے خاندان کاتعلق لیبیا سے ہے، برطانوی پولیس


ویب ڈیسک May 23, 2017
خود کش حملہ آور مانچسٹر میں مقیم تھا جب کہ اس کے خاندان کاتعلق لیبیا سے ہے، برطانوی پولیس فوٹو : سوشل میڈیا

MELBOURNE: کنسرٹ کے دوران خود کش حملے میں ملوث حملہ آور کی شناخت سلمان عبیدی کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق لیبیا سے بتایا جاتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ مانچسٹر میں کنسرٹ کے دوران خود کش حملے میں ملوث مبینہ خود کش حملہ آور کا نام سلمان عبیدی ہے جو برطانیہ میں قیام پذیر تھا تاہم اس کا تعلق لیبیا سے ہے، مانچسٹر پولیس چیف کا کہنا ہے کہ سلمان عبیدی کی عمر 22 سال ہے اور اس کا خاندان لیبیا کے سابق صدر معمرقذافی کے دور میں برطانیہ آیا،سلمان عبیدی 1994 میں مانچسٹر میں پیدا ہوا جب کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ سلمان کا خاندان معمر قذافی کی حکومت کے خاتمے کے بعد واپس چلاگیا تاہم اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : داعش نے مانچسٹر خود کش حملے کی ذمہ داری قبول کرلی

دوسری جانب سلمان عبیدی کے اسکول کے دوست نے دوران تحقیقات بتایا کہ سلمان مانچسٹر یونائیٹد کا مداح تھا،اسے آخری بار گزشتہ سال دیکھا تھا اور اس کی داڑھی بھی بڑھی ہوئی تھی جب کہ سلمان عبیدی کے پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے اس کا رویہ کافی عجیب سا ہوگیا تھا۔

مانچسٹر دھماکے کے بعد برطانوی پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں جس کے دوران ایک شخص کی گرفتاری کی بھی تصدیق کی گئی ہے ، گرفتار شخص کا تعلق ایشیا سے بتایا گیا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: عالمی برادری کی مانچسٹر دھماکے کی پرزور مذمت

واضح رہے کہ مانچسٹرارینا کے سٹی سینٹر میں امریکی گلوکارہ آریانا گرانڈے کے کنسرٹ میں دھماکے کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک جب کہ 60 کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں