ریلوے کا یکم سے 20 رمضان تک کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان

کرایوں  میں  کمی سے پاکستان ریلویز کے مسافروں  میں  اضافہ ہوا، وزیر ریلوے


ویب ڈیسک May 24, 2017
کرایوں  میں  کمی سے پاکستان ریلویز کے مسافروں  میں  اضافہ ہوا، وزیر ریلوے - فوٹو : فائل

پاکستان ریلویز نے تمام ٹرینوں پر یکم سے 20 رمضان المبارک تک کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان ریلویز کی تمام ٹرینوں کی تمام کلاسز پر کرایوں میں 20 فیصد کمی کی جائے گی، ریلوے خسارے کو کم کرنے کیلئے آمدن کو بڑھایا گیا ہے جب کہ چار سال کے دوران پاکستان ریلویز کے سسٹم میں ڈیڑھ کروڑ نئے مسافر شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج پی ایس او اور پاکستان ریلویز کے مابین فیول ٹرانسپورٹیشن کا 5 سال کے لئے معاہدہ طے پا گیا ہے، پی ایس او 20 لاکھ ٹن آئل کی پاکستان ریلویز کے ذریعے ترسیل کا پابند ہو گا جب کہ پی ایس او کو ترسیل کی مد میں 15 یوم کے اندر کرایہ ادا کرنا ہو گا۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلویز کی صورتحال ماضی سے بہتر ہوئی ہے، تاحال منافع نہیں ہو رہا مگر آمدن ضرور بڑھی ہے جب کہ پاکستان ریلویز کو گزشتہ سال مال برداری کے شعبے سے گیارہ ارب کی آمدن ہوئی اور کرایوں میں کمی سے پاکستان ریلویز کے مسافروں میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے ملازمین کے پے اینڈ پنشن میں 20 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے اور ریلوے پولیس کی تنخواہیں بھی صوبائی پولیس کے برابر ہونی چاہیئں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں