ہاکیفتح کا عزم لیے پاکستانی ٹیم آج ارجنٹائن کے مقابل

مثبت نتائج کیلیے تمام پلیئرزکوایک یونٹ بن کرسخت محنت کرناپڑے گی،سہیل عباس


Sports Desk August 01, 2012
مثبت نتائج کیلیے تمام پلیئرزکوایک یونٹ بن کرسخت محنت کرناپڑے گی،سہیل عباس (فوٹو ایکسپریس)

ISLAMABAD: اسپین کیخلاف ڈرا میچ کے بعد فتح کا عزم لیے پاکستانی ہاکی ٹیم بدھ کو ارجنٹائن سے مقابلہ کرے گی،کپتان سہیل عباس کاکہنا ہے کہ اسپین کیخلاف میچ میں بہتر کارکردگی نے کھلاڑیوں کے حوصلے مزید بڑھا دیے۔

اگلے میچ میں جیت کیلیے سخت محنت کریںگے،انھوں نے کہا کہ چند سال قبل تک ارجنٹائن جیسی ٹیمیں زیادہ مضبوط نہیں تھیں مگر جدید ہاکی میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں، یورپیئن ٹیمیں آپس میں بہت زیادہ میچز کھیلتیں اسی وجہ سے کارکردگی مسلسل بہتر ہورہی ہے، رینکنگ میں بھی بہتری آتی جبکہ ہمیں سخت مقابلوں کے اتنے مواقع نہیں ملتے،

پنالٹی کارنر اسپیشلسٹ نے کہا کہ اولمپکس میں ہمارے تمام میچز سخت اور کوئی حریف آسان ثابت نہیں ہوگا، ہماری کوشش ہے کہ مدمقابل ٹیموں کا خوف ذہن پر سوار کرنے کے بجائے اسے دبائو میں لائیں،تمام کھلاڑیوں کو ایک یونٹ بن کر سخت محنت کرنا پڑے گی تب ہی مثبت نتائج حاصل ہونگے،ٹیم کو قوم کی دعائوں کی بھی بہت ضرورت ہے۔

اسپین کے خلاف پاکستان کا واحد گول کرنے والے ریحان بٹ نے کہا کہ سینئر کھلاڑی ہونے کے ناطے میرے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہے، ملنے والے سنہری موقع کو کارآمد بنانے سے اعتماد میں اضافہ ہوا، 8،10 ماہ بعد قومی ٹیم میں واپسی اچھی کارکردگی سے یادگار بنانا چاہتا تھا، میدان میں اترتے ہی کامیابی ملنے سے مورال بلند ہوگیا۔

انھوں نے کہا کہ ہماری ٹیم کے بیشتر کھلاڑی کیریئر کے پہلے اولمپکس میں شریک ہیں، اس کے باوجود اسپین جیسے مضبوط حریف کیخلاف میچ ڈرا کیا، اس کارکردگی نے ٹیم کے حوصلے بڑھا دیے ہیں، ہمارے لیے تمام پول میچز ہی فائنل کی طرح ہیں ، فی الحال توجہ ارجنٹائن سے معرکے پر مرکوز ہے، قوم کی توقعات پر پورا اترنے کیلیے جان لڑا دینگے۔

نوٹ: میچ رات11بجے پاکستانی وقت پر شروع ہوگا

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں