دلیپ کمارکو جائیداد کے تنازع پران کے بھائیوں نے قانونی نوٹس بھجوادیا

دلیپ کمارکے بھائیوں نے نوٹس بھجوایا ہے لیکن یہ ہمارا نجی معاملہ ہے جس کا ذکرمیڈیا میں کرنا نہیں چاہتیں،سائرہ بانو


ویب ڈیسک January 25, 2013
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ دلیپ کمار نے دونوں بھائیوں کو رہائش کے لئے جگہ دینے کا وعدہ کیا تھا جو اب تک پورا نہیں کیا گیا فوٹو: اے ایف پی/ فائل

دلیپ کمار کے 2 بھائیوں نے جائیداد کے تنازع پر انہیں قانونی نوٹس بھجوادیا ہے۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق احسان خان اور اسلم خان کا کہنا ہے کہ وہ دلیپ کمار کے ساتھ جس بنگلے میں 60 سال تک رہائش پذیر تھے اسے دلیپ کمار نے مسمار کر دینے کے بعد دونوں بھائیوں کو رہائش کے لئے جگہ دینے کا وعدہ کیا تھا جو اب تک پورا نہیں کیا گیا اور نہ ہی اس حوالے سے انہیں ماہوار رقم کی ادائیگی کی گئی۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ دلیپ کمار نے دونوں بھائیوں سے وعدہ کیا تھا کہ پالی ہل بنگلے کو مسمار کر کے اس کی جگہ نئی عمارت تعمیر کی جائے گی جس میں دلیپ کمار نے بڑے بھائی کو 1200 اسکوائر فٹ اور چھوٹے بھائی کو 800 اسکوائر فٹ کا فلیٹ دینے کا وعدہ کیا تھا تاہم نہ تو دونوں بھائیوں کو یہ فلیٹ دیئے گئے اورنہ ہی مینٹیننس کے حوالے سے انہیں ماہوار60ہزارروپے کی ادائیگی کی گئی۔

دونوں بھائیوں کے مطابق وہ اب تک ہل روڈ پر واقع ایک دوست کے 2 بیڈرومز کے گھر میں رہائش پزیر تھے اور دوستوں اور رشتے داروں کی مدد سے گزر بسر کر رہے تھے لیکن اب انہیں یہ گھر ایک ہفتے میں خالی کرنا ہے اور ان کے پاس سر چھپانے کے لئے دوسری کوئی جگہ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پالی ہل میں واقع بنگلہ ان کے خاندان کی مشترکہ جائیداد تھی جسے محض دلیپ کمار کی آمدنی سے نہیں خریدا گیا تھا اس لئے وہ اس میں اپنا حصہ چاہتے ہیں۔

دلیپ کمار کی بیوی سائرہ بانو نے قانونی نوٹس موصول ہونے کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ان کا نجی معاملہ ہے جس کا ذکر وہ میڈیا یا عوام کے سامنے نہیں کرنا چاہتیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں