NEW DELHI:
لاہور میں نواز شریف کی زیر صدارت سندھ کے رہنماؤں کے اجلاس میں کراچی میں امن و امان کی صورتحال، بلدیاتی آرڈیننس اورسیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ سمیت دیگر امورکا جائزہ لیا گیا۔
نواز شریف کی زیر صدارت لاہور میں مسلم لیگ(ن)کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، اپوزیشن لیڈر چوپدری نثارعلی خان، غوث علی شاہ، سلیم ضیاء، لیاقت جتوئی، امیر حیدر بھٹو، مشاہد اللہ، سینیٹر پرویز رشید اور دیگر رہنما شریک تھے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سندھ میں نگران حکومت کے قیام کے لئے مسلم لیگ فنکشنل کی بھرپور حمایت کرنے اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مسلم لیگ فنکشنل کے رکن کو بنوانے میں ان کی حمایت کا اعادہ کیا گیا ، اجلاس میں کراچی کی بدامنی پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف سندھ کے دورے کے ساتھ ساتھ کراچی کا بھی دورہ کریں گے۔
اجلاس میں کراچی میں قتل کئے جانے والے مسلم لیگ(ن) کے رہنما میاں تیمور کے قتل پر افسوس اور ان کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی جب کہ سندھ کی نیشنلسٹ پارٹیوں سے رابطے مزید تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔