معروف موسیقار وجاہت عطرے انتقال کرگئے

وجاہت عطرے نے 200 فلموں میں 3 ہزار سے زائد گانوں کی موسیقی ترتیب دی

وجاہت عطرے نے 40 برس تک فن کی خدمات کیں اور 200 سے زائد فلموں کی موسیقی ترتیب دی : فوٹو : فائل

لازوال اور3 ہزار سے زائد فلمی گیتوں کے موسیقار وجاہت عطرے لاہور کے جناح اسپتال میں انتقال کرگئے۔

پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور موسیقار وجاہت عطرے لاہور کے جناح اسپتال میں انتقال کرگئے۔ موسیقارکی موت کی تصدیق ان کے اہل خانہ کی جانب سے بھی کردی گئی ہے۔ وجاہت عطرے موسیقار رشید عطرے کے صاحبزادے تھے ان کا شمار فلم انڈسٹری کے چند موسیقاروں میں ہوتا ہے جن کے سپرہٹ نغمات کی تعداد 3 ہزار سے زیادہ ہے۔ انہوں نے 40 برس تک فن کی خدمات کیں اور 200 سے زائد فلموں کی موسیقی ترتیب دی اور ان کے ترتیب دیئے گانوں کو تقریباً تمام گلوکاروں نے گایا جن میں ملکہ ترنم نورجہاں بھی شامل ہیں۔

وجاہت عطرے نے اپنی فنی زندگی کا آغاز 1967 میں فلم پرستان سے کیا اور پھر ترقی کے منازل طے کرتے ہوئے مکھڑا ، چن وریام ، نوکر وہٹی دا، شیرخان، صاحب جی، سالا صاحب، چڑھدا سورج اور عشق خدا جیسی لازوال فلموں میں اپنی دھنوں کا جادو جگایا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: وجاہت عطرے نے ''پرستان'' کا میوزک 1967ء میں تیار کیا


پاکستان میں فلمی دنیا کے حالات کے پیش نظر وہ ایک عرصے سے بے روزگار تھے اور اسی پریشانی کے عالم میں انہیں فالج کااٹیک ہوا انہیں علامہ اقبال ٹاﺅن کے ایک پرائیوٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کے علاج معالجے کا بل بہت زیادہ ہوگیا جسے وہ ادا نہیں کرسکتے تھے اور پھر حکومت پنجاب نے ان کے مفت علاج کا اعلان کیا تھا اورایک ہفتہ قبل انہیں دل کا دورہ پڑنے کے بعد جناح اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

وجاہت عطرے کی عمر 68 سال تھی اور انہوں نے سوگواران میں 3 بیٹے اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے ان کی نماز جنازہ لاہورکے علاقے سمن آباد میں ادا کیا جائے گی۔



 
Load Next Story