ٹریفک حادثات میں 3 افراد ہلاک خواتین سمیت 10زخمی

بلال کالونی میں مقصود اورملیر کھوکھراپار میں مرتضیٰ کو گاڑی نے کچل دیا،زیر تعمیر عمارت کے ٹینک سے لاش برآمد۔


Staff Reporter January 27, 2013
شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات سے 10 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 3 افراد ہلاک اور خواتین سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے۔

گارڈن کے علاقے میں پانی کے ٹینک سے نامعلوم نوجوان کی لاش ملی، تفصیلات کے مطابق میمن گوٹھ تھانے کی حدود سپر ہائی وے پر پولیس چوکی کے قریب تیز رفتار ٹرالرکی ٹکر سے میمن گوٹھ تھانے کا اہلکار 35 سالہ عزیز اللہ ولد جمن چاچڑ جاں بحق ہوگیا ، لاش کو فوری طور پر ضابطے کی کارروائی کیلیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ،پولیس نے حادثے کے ذمے دار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق متوفی گلشن حدید فیز ٹو کا رہنے والا تھا اور گذشتہ دو برس سے میمن گوٹھ تھانے میں تعینات تھا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی ، ملیر کھوکھراپار کے علاقے نمبر 2 پر واقع المصطفیٰ اسپتال کے قریب جمعہ کی شب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا جس کو فوری طور پرجناح اسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیا ، پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت 25 سالہ مرتضیٰ کے نام سے کی گئی ، بلال کالونی کے علاقے اللہ والی چورنگی کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 22 سالہ مقصود ولد انعام جاں بحق ہوگیا۔

متوفی نیوکراچی کا رہائشی بتایا جاتا ہے، حادثے کا ذمے دار ڈرائیور موقع سے گاڑی سمیت فرار ہوگیا،علاوہ ازیں صدر پارکنگ پلازہ کے قریب تیز رفتاری گاڑی کی زد میں آکر سڑک عبور کرنے والے 25 سالہ کامران اور 28 سالہ نعمان زخمی ہوگئے ، شیرشاہ میں 25 سالہ سلمیٰ اور 40 سالہ کامران جبکہ ناگن چورنگی پر 50 سالہ منیر احمد زخمی ہوگئے،بلوچ کالونی پل پر تیز رفتارگاڑی کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار 20 سالہ رضوان اور 45 سالہ کلثوم جبکہ کورنگی گودام چورنگی پر راہگیر 35 سالہ مفیض زخمی ہوگئے جنھیں جناح اسپتال پہنچایا گیا۔

علاوہ ازیں ناظم آباد انکوائری آفس کے قریب تیز رفتار گاڑی کی زد میں آکر 45 سالہ یاسمین اور 25 سالہ نادیہ زخمی ہوگئیں ، دریں اثنا نبی بخش کے علاقے میں واقع مکی مسجد کے قریب زیر تعمیر عمارت کے پانی کے ٹینک سے نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے سول اسپتال لایا گیا ، پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت نہیںہوسکی جبکہ اس کے قبضے سے ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے اس کی شناخت میں مدد مل سکے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں