خیر رمضان مبارک ۔ ۔ ۔ ماہ صیام مبارک

ہم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا گو ہیں کہ وہ ہمارے اس مہینے کئے گئے اعمال سے راضی ہوجائے


ویب ڈیسک May 27, 2017
رمضان المبارک نزول قرآن کا مہینہ ہے۔ فوٹو: ایکسپریس نیوز

رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے آغاز پر ایکسپریس نیوز دنیا بھر کے مسلمانوں اور بالخصوص پاکستانیوں کو ماہ صیام کی مبارک باد پیش کرتا ہے۔

ارشادباری تعالیٰ ہے'' اے اہل ایمان ہم نے تم پر روزے اسی طرح فرض کیے جس طرح تم سے پہلی امتوں پر تاکہ تم متقی اورپرہیزگاربن جاؤ'' رمضان کا مہینہ ہمیں درس دیتا ہے استقامت کا، صبرکا اورپرہیز گاری کا آیئے عہد کریں کے اس ماہِ بابرکت میں زیادہ سے زیادہ نیکیاں حاصل کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہ جانے دیں۔

ماہ رمضان کی خصوصیات کا ذکر کرتے ہوئے رسول اکرم ﷺ نے فرمایا: ''یہ صبر کا مہینہ ہے اور صبر کا بدلہ جنّت ہے۔ '' یہ مہینہ واقعی صبر کا ہے اس لیے کہ اس میں جائز، حلال اور طیّب چیزوں سے بھی انسان صبح صادق سے غروبِ آفتاب تک رُکتا ہے۔ یہ رکنا دراصل صبر اور تقویٰ کی تربیت ہے جب کہ تقویٰ یہ ہے کہ انسان سارا سال اپنے آپ کو حرام سے روکے رکھے، گناہ سے باز آجائے اور منکرات سے اجتناب کرے۔

رمضان المبارک نزول قرآن کا مہینہ ہے۔ رمضان المبارک کی اہمیت اس لحاظ سے بھی دو چند ہوجاتی ہے کہ اس مہینے کے آخری عشرے میں ایک رات ایسی آتی ہے جسے اللہ نے لیلۃ القدر کہا ہے، نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم سے مروی ہے کہ'' شب قدر کو اﷲ تعالیٰ مغرب سے ہی آسمان دنیا پر اجلال فرماتا ہے اور اعلان کیا جاتا ہے۔
ہے کوئی مجھ سے مغفرت کا طلب گار کہ میں اس کے گناہوں کو معاف فرماؤں، ہے کوئی بیماریوں سے شفا و تن درستی کا طلب گار کہ میں اسے شفا عطا فرماؤں، ہے کوئی روزی کا طلب گار کہ میں اس کی روزی میں برکت عطا فرماؤں۔

پس ہم اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا گو ہیں کہ وہ ہمارے اس مہینے کئے گئے اعمال سے راضی ہوجائے اور روز محشرکے دن ہمیں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت نصیب عطا فرمائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں