فلم ’’باہو بلی 2‘‘ نے کرن جوہر کو بھی مالا مال کر دیا

کرن جوہر فلم کے ہندی ورژن کے ڈسٹری بیوشن رائٹس کی مد میں تقریباً 230 کروڑ سمیٹ چکے ہیں


ویب ڈیسک May 27, 2017
کرن کے دھرما پروڈکشن نے فلم کے ہندی ورژن کے ڈسٹری بیوشن رائٹس 120 کروڑ میں خریدے تھے، فوٹو؛ فائل

بھارت کی مقامی تیلگو فلم انڈسٹری کی فلم ''باہو بلی 2'' نے جہاں فلم کے پروڈیوسرز اور اداکاروں کو مالا مال کیا وہیں بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار کرن جوہر پر بھی اپنے خزانے کی تجوری کا منہ کھول دیا ہے۔

ہدایتکار راج مولی کی فلم ''باہو بلی 2'' بھارت کی اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ہے جو بھارت سمیت دنیا بھر سے 1613 کروڑ کما چکی ہے جب کہ فلم کو ہندی، تامل، تیلگو، ملیالم اور کنندہ زبان میں ڈب کر کے ڈسٹری بیوشن رائٹس مختلف کمپنیوں کو فروخت کیے گئے ہیں لیکن کرن جوہر نے فلم کے صرف ہندی ورژن کے مالکانہ حقوق خرید کر بغیر فلم بنائے کروڑوں کما لیے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:''باہو بلی 2'' نے نمائش کے پہلے ہی روز تاریخ بدل دی

بالی ووڈ فلمساز کرن جوہر کے دھرما پروڈکشن ہاؤس نے فلم ''باہو بلی 2'' کے ہندی ورژن کے ڈسٹری بیوشن رائٹس 120 کروڑ میں خریدے تھے اور فلم کے ہندی ورژن نے اب تک صرف بھارت میں 489 کروڑ 40 لاکھ کی کمائی کر کے ریکارڈ بنا لیا ہے جب کہ فلم کی کل کمائی سے ڈسٹری بیوشن کے مالکانہ حقوق، 10 فیصد کمیشن اور ٹیکس کی مد میں رقم نکالی جائے تو کرن جوہر کے کھاتے میں 230 کروڑ کی بڑی رقم منافع کی صورت میں آئے گی۔


دوسری جانب فلم کے ہندی ورژن کے دنیا بھر کی کمائی اور اس کا منافع بالکل الگ ہے جس کے بعد یہ کہا جاسکتا ہے کہ فلم ''باہو بلی 2'' نے کرن جوہر پر کروڑوں کی بارش کر دی ہے اور وہ بغیر فلم پروڈیوس کیے کروڑوں کمانے والے فلمساز بھی بن گئے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں:''باہو بلی 2'' 1000 کروڑ کمانے والی پہلی بھارتی فلم بن گئی

واضح رہے کہ فلم ''باہو بلی 2'' نے نمائش سے قبل ہی سیٹلائٹ اور ڈسٹری بیوشن رائٹس کی مد میں 500 کروڑ سے زائد کی کمائی کی تھی اور فلم نے نمائش کے بعد سے اب تک 1600 کروڑ سے زائد کا بزنس کرلیا ہے جب کہ فلم کا بجٹ صرف 250 کروڑ تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں