تیسرا ون ڈے آخری گیند پر میکلرین کا چھکا کیویز ہکا بکا

جنوبی افریقہ نے سنسنی خیز مقابلہ ایک وکٹ سے جیتا، سیریز میں 1-2 سے شکست


Sports Desk January 27, 2013
جنوبی افریقہ نے 261 رنز کا ہدف 9 وکٹ پر حاصل کر کے سنسنی خیز مقابلہ ایک وکٹ سے جیت لیا۔ فوٹو: اے ایف پی

تیسرے ون ڈے میں ریان میکلرین نے آخری گیند پر چھکا جڑ کر کیویز کو ہکا بکا کردیا۔

جنوبی افریقہ نے 261 رنز کا ہدف 9 وکٹ پر حاصل کر کے سنسنی خیز مقابلہ ایک وکٹ سے جیت لیا، گریم اسمتھ نے کیریئر کی دسویں سنچری اسکور کی، اس سے قبل نیوزی لینڈ نے 9 وکٹ پر 260 رنز بنائے، کولن منرو، گرانٹ ایلوئٹ اور جیمز فرینکلن نے ففٹیز اسکور کیں، لونوابو ٹسوبے اور ریان میکلرین نے 4، 4 وکٹیں لیں، سیریز 2-1 سے نیوزی لینڈ کے نام رہی۔

تفصیلات کے مطابق 261 رنز کے تعاقب میں گریم اسمتھ نے اوپنر ڈی کک کیساتھ مل کر 83 رنز کی شراکت کی، ڈی کک (31) کے فرینکلن کی وکٹ بننے کے بعد اسمتھ نے کولن انگرام (25) کے ساتھ اسکور کو 26 اوورز کے اختتام تک 122 تک پہنچایا، اس موقع پر دونوں نے پاور پلے لینے کا فیصلہ کیا، مگراگلی ہی گیند پر انگرام کو ناتھن میک کولم نے مڈ وکٹ پر گپٹل کا کیچ بنادیا۔



کپتان فاف ڈوپلیسس (19) اور فرحان بہردیان (4) کی آئوٹ ہونے سے میزبان سائیڈ کی 174 پر چار وکٹیں گرگئیں، اسمتھ نے 41 ویں اوور میں کین ولیمسن کو چوکا جڑ کر دسویں سنچری مکمل کی، وہ 116 پر ولیمسن کی گیند پر واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ ہوئے، آخری اوور میں جنوبی افریقہ کو فتح کیلیے 8 رنز درکار جبکہ دو وکٹیں باقی تھیں۔

پانچویں گیند پر ڈیل اسٹین (4) کے آئوٹ ہونے پر میکلرین کو آخری بال تین رنز بنانے تھے، انھوں نے فرینکلن کو چھکا جڑ کر ٹیم کو فتح دلادی۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ نے 9 وکٹ پر 260 رنز بنائے، کولن منرو نے 57،گرانٹ ایلوئٹ نے 54 اور جیمز فرینکلن نے ناٹ آئوٹ 53 رنز اسکور کیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں