قائد اعظم ٹرافی کرکٹ کراچی وائٹس کو بہاولپور کیخلاف مشکلات کا سامنا

صرف178 پر5 وکٹیں گنوا دیں،184 کا خسارہ برقرار، اکبر رحمان کی ناقابل شکست سنچری۔

بلوز نے لاہور راوی کے خلاف 37 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ فوٹو : فائل

قائد اعظم ٹرافی کے چھٹے رائونڈ میں کراچی وائٹس کو بہاولپور کے خلاف مشکلات کا سامنا ہے،دوسرے روز صرف 178 رنز پر 5 وکٹیں گنوا دیں۔

حریف کی سبقت ختم کرنے کے لیے مزید184رنز کی ضرورت ہے۔ اکبر رحمان کی سنچری کی بدولت کراچی بلوز نے لاہور راوی پر 37رنز کی برتری حاصل کرلی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں بہاولپور کی ٹیم کراچی وائٹس کے خلاف 362 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی،کامران حسین نے 139کی عمدہ اننگز کھیلی، ریحان رفیق نے 74اور عثمان طارق نے 60 رنز اسکور کیے، ٹورنامنٹ میں مسلسل عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرنے والے عاطف مقبول نے5کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد سمیع کے حصے میں 3 وکٹیں آئیں۔

جواب میں دوسرے روز کھیل ختم ہونے پر کراچی وائٹس نے صرف 178رنز پر 5 وکٹیں گنوا دیں، اویس رحمانی 64رنز کے ساتھ کریز پر ہیں ، فواد عالم نے 47 رنز بنائے،حریف کی سبقت ختم کرنے کے لیے ٹیم کومزید184رنز کی ضرورت ہے۔ایل سی سی اے گرائونڈ میں دوسرے روز کھیل کے اختتام پرکوئٹہ نے سیالکوٹ کے خلاف پہلی اننگز میں7وکٹ پر201 رنز بنائے،محب اللہ نے73 اور بسم اللہ خان نے63 رنز اسکور کیے،نیئر عباس نے 57رنز دے کر4 کھلاڑیوںکو آئوٹ کیا، قبل ازیں سیالکوٹ کی ٹیم232 رنز بناکر آئوٹ ہوئی، سابق ٹیسٹ کپتان شعیب ملک نے 77 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ فیصل نے69 رنز جوڑے، نجف شاہ نے3اور جلات خان نے2 وکٹیں لیں،کوئٹہ کو حریف ٹیم کی برتری ختم کرنے کیلیے مزید31رنز درکار ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم میں کراچی بلوز نے اکبر رحمان کی عمدہ بیٹنگ سے تقویت پاتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 4وکٹ پر 298رنز بنا لیے،یوں اسے 37رنز کی سبقت حاصل ہو گئی،اکبر16چوکوں و ایک چھکے کی مدد 116اور طارق ہارون46 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں،فخر زمان نے70رنز کا اضافہ کیا،عدنان رسول نے3 وکٹیں اپنے نام کیں،قبل ازیں لاہور راوی کی ٹیم261 رنز پر رخصت ہوئی،عمران فرحت نے127 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،انور علی اور اعظم حسین کے ہاتھ3،3 وکٹیں لگیں۔




آزاد جموں و کشمیر کے میر پور اسٹیڈیم میں فیصل آباد کی ٹیم حیدرآباد کے خلاف 187 رنز پر ڈھیر ہوگئی، نوید لطیف 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،ریحان ریاض نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، قبل ازیں حریف ٹیم نے پہلی اننگز میں254رنز اسکور کیے،لال کمار64اور شرجیل خان 63 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، اسد علی نے54 رنز کے عوض 5کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم پہنچایا جبکہ 3وکٹیں ذیشان اللہ کے نام رہیں،دوسرے روز کھیل کے خاتمے پر بغیر وکٹ گنوائے 27رنز بنانے والی حیدرآباد کی ٹیم کو 94رنزکی برتری حاصل ہو گئی۔

صوابی کے گوہاٹی اسٹیڈیم میں راولپنڈی نے ایبٹ آباد کے خلاف 4وکٹ پر 498رنز پر پہلی اننگز ڈیکلیئرڈکر دی،عمر وحید نے183رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں21 چوکے شامل تھے،اویس ضیا نے 61اورعدنان مفتی نے59 رنز کا اضافہ کیا،یاسر شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو میدان سے باہر بھیجا، جواب میں ایبٹ آباد نے38 رنز پر2 وکٹیں گنوا دیں۔

پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم میں پہلے دن16 وکٹیں گر گئیں، کھیل ختم ہونے پر اسلام آباد نے6 وکٹ پر120 رنز بنائے، فہد اقبال نے 44رنز جوڑے جبکہ عماد وسیم 25رنز کے ساتھ کریز پر ہیں،آفاق احمد نے 3اور عمر فاروق نے 2کھلاڑیوں کو واپسی کے پروانے تھمائے ،اس سے قبل میزبان ٹیم محض 103رنز پر ڈھیر ہو گئی،نواز احمد 53رنز کے ساتھ نمایاں رہے، افتخار انجم نے صرف 28 رنز دیکر 5 کھلاڑیوں کی اننگز کا خاتمہ کیا، اسلام آباد کو حریف کیخلاف17 رنز کی برتری حاصل اور4 وکٹیں محفوظ ہیں۔
Load Next Story