ایم کیوایم کے گل فراز خٹک سمیت 11کارکن جیل سے رہا

متعدد کارکنوں کی ضمانت منظور ہوچکی، زرضمانت کیلیے مخیرحضرات مدد کریں، فاروق ستار


Staff Reporter May 28, 2017
متعدد کارکنوں کی ضمانت منظور ہوچکی، زرضمانت کیلیے مخیرحضرات مدد کریں، فاروق ستار۔ فوٹو : فائل

KARACHI: متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سربراہ ڈاکٹرفاروق ستارنے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان کے کارکنان کوآئین کے آرٹیکل 10کے تحت انصاف فراہم کیا جائے، ماورائے قانون کوئی قدم نہ اٹھایا جائے۔

رابطہ کمیٹی کے رکن گل فراز خان خٹک سمیت 11 کارکنان کی سینٹرل جیل سے رہائی کے بعدعارضی مرکزبہادرآباد پہنچنے پراستقبال کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں، اسیر ساتھی اب عیداپنے گھروں میں مناسکیں گے۔ انہوں نے کہا 22 اگست کا مقدمہ ان لوگوں پربنتا ہی نہیں جو 23 اگست کی پالیسی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں اورکارکنان پریہ مقدمہ بنتاہی نہیں، ہمارے بہت سارے کارکنوں کی ضمانت منظورہوچکی ہے تاہم ہمارے پاس زرضمانت کی رقوم نہیں، مخیر حضرات اس سلسلے میںہماری مدد کریں اورکارکنان کی رہائی میں اپنا کرداراداکریں۔ رابطہ کمیٹی کے رکن گل فراز خان خٹک سمیت 11کارکنان کی رہائی ایم کیوایم پاکستان کے اصولی موقف کی فتح ہے۔

گل فراز خان خٹک نے کہاکہ رہائی پرحقیقی خوشی تب ملے گی جب ہمارے 700کارکن رہا ہوجائیں گے۔ ہمارے کارکنوں کا میرٹ پر کیس چلایا جائے جوجھوٹے مقدمات میں گرفتار ہیں، عدالتوں سے درخواست کہ ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے۔ گل فرازخان خٹک کو 22اگست کے مقدمے میں عدالت سے گرفتار کیا گیا تھا اور 9 ماہ کی اسیری کاٹنے کے بعد27مئی کو ضمانت پررہائی پائی۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں