حیسکو بجلی کے بحران پر قابو پانے میں ناکام 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ
شدید گرمی میں طویل بجلی بندش سے شہری بے حال، کاروباری زندگی مفلوج، احتجاج بھی کام نہ آیا۔
سانگھڑ، سکرنڈ اور کھوسکی سمیت زیریں سندھ کے تمام علاقے ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، دوسری جانب بجلی کی بد ترین لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے۔
سانگھڑ میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ جاری ہے جس کے خلاف سنی تحریک نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا جس کی قیادت مقامی رہنما امجد اسلام قادری و دیگر نے کی۔ مظاہرینکا کہنا تھا کہ شدید گرمی میں بجلی کی طویل بندش عوام پر ظلم ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث غریب دو وقت کی روٹی کو محتاج ہیں۔ وفاقی حکومت بجلی فراہمی کے وعدوں پر عمل کرنے میں ناکام ہے۔ رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے روزے داروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
سکرنڈ میں صابو راہو و دیگر علاقوں میں شدید گرمی میں بجلی کی بندش سے شہری نڈھال ہو گئے۔خانزادہ محلہ کا خراب ٹرانسفارمر تا حال تبدیل نہ ہوسکا۔ قیامت خیز گرمی سے علاقہ مکینوں کی حالت غیر ہوگئی ۔ بجلی کی عدم فراہمی سے پانی کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ لوگ بوند بوند کو ترس گئے۔
الیاس خانزادہ، حامد خانزادہ، ماجد خانزادہ اور دیگر کا کہنا تھا کہ حیسکو عملے کی نااہلی کے باعث 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود بجلی بحال نہیں ہو سکی جس کے باعث عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے وفاقی وزیر پانی و بجلی سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
بدین ضلع کے مختلف شہروں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے، جس سے کاروبار اور نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث متعدد علاقوں میں پانی کی قلت بھی پیدا ہوگئی ہے جس سے شہریوں کی مشکلات 2 چند ہو گئی ہیں۔ شہری علاقوں میں 10 اور دیہات میں 14گھنٹے کی غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے۔ جس سے گھریلو و چھوٹی صنعتیں بند ہونے سے مزدوروں کو بیروزگاری کا سامنا ہے۔
دوسری جانب گرمی کے ستائے شہریوں نے نہانے کیلیے نہروں کا رخ کرلیا۔ پانی کے بحران کے باعث ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی ہے اور ٹینکر 1500 سے 3000 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے جو غریب طبقہ خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتا۔
علاوہ ازیں کھوسکی و نواح میں بھی غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹوں سے بھی تجاوز کر دیاگیا، شدید گرمی میں شہری پریشان ہیں،کھوسکی، شادی لارج، نندو اور نواح میں بجلی کی غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹوں سے بھی تجاوز کرنے کے باعث گرمی میں شہری بے حال ہوگئے ہیں، کاروباری زندگی مفلوج، طویل لوڈشیڈنگ سے تینوں شہروں سمیت سیکڑوں دیہات متاثر ہیں۔ شہریوں نے حیسکو چیف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔