وارم اپ میچ میں پاکستانی پلیئرز آج کینگروز پر ہنر آزمائیں گے

بنگلادیش کیخلاف سنسنی خیز مقابلے میں فتح کے بعد گرین شرٹس کے حوصلے بلند ہوگئے


Sports Desk May 29, 2017
جوش کے ساتھ ہوش کا بھی مظاہرہ کرنا ہوگا، عامر کو بھی بولنگ کا موقع میسر آئیگا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

HYDERABAD: چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستانی پلیئرز آج کینگروز پر ہُنر آزمائیں گے۔

چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستان اپنا دوسرا اور آخری پریکٹس میچ برمنگھم کے ایجبسٹن اسٹیڈیم میں پیر کو آسٹریلیا سے کھیل رہا ہے۔ بنگلادیش کے خلاف پہلے ورام اپ مقابلے میں پاکستان ٹیم نے آخری لمحات میں فہیم اشرف کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت دو وکٹ سے میدان مار لیا تھا، اس میچ میں گرین شرٹس کی بولنگ انتہائی مایوس کن رہی تھی خاص طور پر وہاب ریاض بھرپور پٹائی کے باوجود ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کرپائے تھے جبکہ ٹاپ آرڈر بیٹسمین اظہر علی اور بابر اعظم بھی اپنی موجودگی کا احساس دلانے میں ناکام رہے تھے۔ آخر میں فہیم اشرف نے 30 بالز پر ناقابل شکست 64 رنز بناکر اہم ترین ایونٹ سے قبل گرین شرٹس کو رسوائی کی گہری کھائی میں گرنے سے بچالیا تھا۔ اس میچ سے ٹیم کے حوصلے کافی بلند ہوگئے ہیں۔

آسٹریلیا سے دوسرے وارم اپ میچ میں پاکستان ٹیم اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دینا چاہتی ہے کیونکہ اس کے بعد اس کا مین ٹورنامنٹ میں براہ راست بھارت سے ٹکراؤ ہوگا۔ ٹاپ آرڈر کو جلد سے جلد کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا چیلنج درپیش ہے، خاص طور پر سینئر بیٹسمینوں کو صرف اپنا انفرادی اسکور ہی نہیں دیکھنا بلکہ رن ریٹ کو بھی مدنظر رکھنے کی ضرورت ہے۔

بنگلادیش کے خلاف میچ میں محمد عامر نے بولنگ نہیں کی تھی تاہم ان کو آسٹریلیا کے خلاف آزمایا جائے گا جبکہ وہاب ریاض کو باہر بیٹھانے کا امکان ہے۔ فہیم اشرف اپنی ایک اننگز سے ہیرو بن چکے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ اگرچہ پاکستان ٹیم کے لیے کسی ایک روزہ میچ میں انھوں نے پہلی بار ایسی کارکردگی دکھائی تاہم فرسٹ کلاس کرکٹ میں وہ ایسی کئی اننگز کھیل چکے ہیں، ٹیل میں فہیم اشرف جیسے آل راؤنڈر کی موجودگی ٹیم کیلیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم بورڈکے ساتھ معاوضوں کے تنازع کو پس پشت ڈالتے ہوئے اپنی تمام تر توجہ صرف کھیل پر مرکوز کرنے کیلیے پراعتماد ہے، سری لنکا سے پہلے میچ میں ڈیوڈ وارنر کے ساتھ ایرون فنچ کو بطور اوپنر میدان میں اتارا گیا تھا جس میں وارنر تو ناکام رہے تھے تاہم فنچ نے سنچری جڑ کر ٹاپ آرڈر کیلیے اپنا کیس مضبوط کیا تھا، کینگروز کی جانب سے پاکستان سے میچ میں بھی اس کمبی نیشن کو برقرار رکھے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ کینگرو ٹیم مینجمنٹ کیلیے بھی اپنی تیاریوں کی جانب کا یہ آخری موقع ہے جبکہ کھلاڑی گرین شرٹس کو ٹف ٹائم دینے کیلیے پرعزم ہے۔ اس وارم اپ میچ میں بھی سنسنی خیز مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں